خیبرپختونخوا: سرکاری اسپتالوں میں مزید 175 آئی سی یو بستروں کا اضافہ


پشاور: کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے خیبرپختونخوا کے صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں مزید 175 آئی سی یو بستروں کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

صوبائی وزیرصحت تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں آئی سی یو بستروں کی مجموعی تعداد 330 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ کوروناکے خلاف سرکاری اسپتالوں کے طبی عملے نے بہترین کاوشیں کیں۔ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

وزیرصحت خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ صوبے کےاسپتالوں میں 50 فیصد بستر کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں۔ پاک فوج نے کورونا کے دوران سب سے زیادہ تعاون کیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 619 ہو گئی جبکہ 2 لاکھ 25 ہزار 283 افراد عالمی وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 378 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہوئے اور 68 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 95 ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے دوران ریکارڈ 11 ہزار 469 افراد صحتیاب ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 22 ہزار 50 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 13 لاکھ 72 ہزار 825 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 90 ہزار 721 ہو گئی ہے جب کہ پنجاب میں 80 ہزار 297 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں دنیا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 11 لاکھ سے تجاوز کر گئی

خیبر پختونخوا میں 27 ہزار 506، بلوچستان میں 10 ہزار 717، اسلام  آباد میں 13 ہزار 292، آزاد جموں و کشمیر ایک ہزار 160 اور گلگت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 536 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث آزاد جموں و کشمیر میں 34، بلوچستان میں 122، گلگت میں 28، اسلام آباد میں 130، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 2، پنجاب میں  ایک ہزار 844 اور سندھ میں ایک ہزار 459 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں