وزیراعلیٰ پنجاب کا روٹی اور نان کی قیمت میں خودساختہ اضافے کا نوٹس

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے روٹی اور نان کی قیمت میں خود ساختہ اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے پرائس کنٹرول کمیٹی اور انتظامیہ کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ روٹی اورنان کی قیمت میں خودساختہ اضافہ برداشت نہیں کیاجائےگا۔ روٹی اورنان کی قیمت میں بلاجواز اضافے پر قانون کےتحت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ روٹی اورنان کی مقررکردہ قیمت پردستیابی یقینی بنائی جائے۔ پرائس کنٹرول کمیٹی اورانتظامیہ ضروری اقدام اٹھائے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں نان کی قیمت 12 روپے اور روٹی کی قیمت 10 روپے کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ’ قوم آٹا اور چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آپریشن کلین اپ چاہتی ہے’

گزشتہ روز لاہور کے فلور ملز کی جانب سے آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد لاہور کے نان بائیوں نے روٹی مہنگی کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

نان بائیوں کا کہنا ہے کہ فلور ملز نے آٹے کی قیمت بڑھا دی ہے اور ہم  پرانی قیمت پر نان اور روٹی فروخت نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت ریلیف فراہم کرے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت آٹے کی قیمتوں کو پرانی سطح پر لائے گی تو ہم نان روٹی کا ریٹ نہیں بڑھائیں گے۔ ہمارے اخراجات بڑھ رہے ہیں، قیمتوں میں اضافہ اب ناگزیر ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کے20 کلو تھیلے کی قیمت میں 120 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ لاہور قصور شیخوپورہ فیصل آباد اوکاڑہ ساہیوال اور سنٹرل پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 120روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔

جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 50 روپے سے لے کر 60 روپے فی تھیلا اضافہ کیا گیا ہے۔

فلو ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم بہت مہنگی ہوچکی ہے جس کےباعث پرانے نرخوں پر آٹے کی فروخت ممکن نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ  پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1600 روپے فی من ہے۔


متعلقہ خبریں