بھارتی فوج کی ایک بار پھر ایل او سی پر فائرنگ، نوجوان زخمی

بھارتی فوج کی ایک مرتبہ پھر ایل او سی پر فائرنگ

راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے بٹل سیکٹر پر شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے 22 سالہ نوجوان زخمی ہو گیا جسے فوری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بھارتی اشتعال انگیزی پر پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔

تین روز قبل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے بے گناہ شہری کو 3 سالہ نواسے کے سامنے شہید کر دیا تھا۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم سی) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔ بارہ مولا میں بھارتی فورسز نے بے رحمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم سن نواسے کے سامنے بے گناہ شہری پر فائرنگ کر دی۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی فورسز کی ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں، بھارتی ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی

فائرنگ کا نشانہ بننے والے بے گناہ شہری کے بیٹے اور بیٹی نے انصاف کی اپیل کی۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا تھا کہ دہشت گرد بھارتی فوج کے مظالم دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں اور مودی حکومت نے موت کو ایک کھیل بنا دیا ہے۔ اس طرح کے مظالم کا سن کر دل کانپ جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں