مون سون: دیواریں اور چھتیں گرنے سے 14افراد زخمی

خیبرپختونخوا میں سیلاب کی تباہ کاریاں،23 افراد جاں بحق

فائل فوٹو


اسلام آباد: مون سون بارشوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی ہے۔  پنڈی بھٹیاں اور رینالہ خورد میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے چودہ افراد زخمی ہو گئے ہیں جب کہ ہرنائی میں بارش سے سروتی بند ٹوٹ گیا جس سے متعدد گھر زیرآب آ گئے ہیں۔

پنجاب کے ضلع حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے 8 افراد جبکہ رینالہ خورد میں 6 افراد زخمی ہوئے۔

ہرنائی میں شدید طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں اونچے درجے کا سیلاب آ گیا۔ سروتی حفاظتی بند ٹوٹنے کے باعث پانی شہر کے رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔

سیلابی ریلے سے میانی آباد، اختر آباد اورجلال آباد میں دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی شمال مشرقی بلوچستان، سندھ، وسطی وجنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیراورگلگت بلتستان میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔  زیریں سندھ ،کشمیراوراس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پرموسلادھاربارش متوقع ہے۔

صوبہ سندھ کے ساحلی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلودرہنے کے علاوہ کراچی، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، اسلام کوٹ، تھرپارکر، نگرپارکر اور مٹھی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، مری، سرگودھا، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، لیہ، بھکر، بہاولپور اور بہاولنگر بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلودرہے گا تاہم چترال،دیر، بونیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، بنو ں، شمالی و جنوبی وزیرستان ، کرم اور کوہاٹ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم ا ورمرطوب رہےگا تاہم ژوب، بارکھان، خضدار، لورالائی ،موسیٰ خیل ، ہرنائی اورگردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔


متعلقہ خبریں