جسٹس یحییٰ آفریدی کی میشا شفیع ہراسمنٹ کیس سننے سے معذرت

جسٹس یحییٰ آفریدی کی میشا شفیع ہراسمنٹ کیس سننے سے معذرت

فائل فوٹو


اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جج جسٹس یحییٰ آفریدی نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کا حصہ بننے سے معذرت کرلی ہے۔

جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نےسماعت کا آغاز کیا تو ان کے ساتھی جج جسٹس یحییٰ آفریدی معذرت کرلی۔

سپریم کورٹ میں گلوکارہ میشا شفیع سےمتعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ہے۔ میشا شفیع نے لاہور ہائی کورٹ کے 11اکتوبر کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر،میشا شفیع کیس:عدالت کا اہم حکم

لاھور ہائی کورٹ نے وومین محتسب اور گورنر کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔ وومین محتسب نے مئی اور گورنر پنجاب نے جولائی 2018کو میشا شفیع کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔ وومین محتسب اور گورنر نے میشا شفیع کی درخواست کو incompetent قرار دیا تھا۔

میشا شفیع نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی ہے کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں گورنر پنجاب اور وومین محتسب اور علی ظفر کو فریق بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ2018 میں گلوکارہ میشا شفیع نے اداکاروگلوکار علی ظفر کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی جسے صوبائی محتسب اور بعد ازاں گورنر پنجاب نے ‘تیکنیکی بنیادوں’ پر مسترد کردیا تھا۔

بعد ازاں گلوکارہ نے گورنر پنجاب کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے کیس کو ہائی کورٹ لے جانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے عدالت میں دائر کردہ درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ صوبائی محتسب پنجاب نے علی ظفر کے خلاف ہراساں کرنے کی درخواست خارج کی جس پر انہوں نے صوبائی محتسب کے فیصلے کے خلاف گورنر پنجاب سے اپیل کی اور گورنر پنجاب نے  قانون کے برعکس فیصلہ دیا۔

گلوکارہ نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست کی تھی کہ عدالت گورنر پنجاب کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے بھی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے گورنر پنجاب کا میشا شفیع کی ہراساں کرنے سے متعلق درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

جبکہ عدالت نے خاتون محتسب کی جانب سے میشا شفیع کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ بھی درست قرار دیا۔


متعلقہ خبریں