شہباز شریف کی کورونا رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع

بیرون ملک روانگی، حکومت نے شہباز شریف کیخلاف اپیل واپس لے لی

فوٹو: فائل


لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئی۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔ شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ 2 جولائی رات 9 بج کر 14 منٹ پر رہائش گاہ پر لیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی کورونا رپورٹ 3 جولائی صبح 6 بج کر 18 منٹ پر ائی۔ شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ لاہور کی نجی لیبارٹری سے کرایا گیا۔

خیال رہے کہ 3 جون کو لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو ان کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔

جسٹس طارق عباسی اور جسٹس فاروق نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ شہباز شریف کی طرف سے اعظم تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دلائل دیے تھے۔ نیب کی طرف سے اسپیشل پراسیکیوٹر نیب سید فیصل رضا بخاری بھی لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے۔

عدالت نے استفسارا کیا تھا کہ کیا شہبازشریف کو گرفتاری کا خدشہ ہے؟ وکیل درخواست گزار نے جج کو بتایا تھا کہ نیب ان کے مؤکل کو گرفتار کرنے کیلئے بے تاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے نیب ٹیم کا چھاپہ

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نیب نے جو ریکارڈ مانگا وہ دے دیا گیا ہے، پھر بھی گرفتاری کے لیے بے تاب ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ شہباز شریف کو 5 اکتوبر 2018 کو صاف پانی کیس میں طلب کیا گیا اور دوران ریمانڈ شہباز شریف کو رمضان شوگر مل میں بھی گرفتار کیا گیا۔ نیب کی ٹیم 63 دن کے ریمانڈ میں تفتیش کرتی رہی۔

لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی ضمانت 5لاکھ روپے کے مچلکوں کےعوض منظورکی تھی اور نیب کو ان کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔


متعلقہ خبریں