کراچی میں بارش کی پہلی بوند، بجلی کا نظام درہم برہم


کراچی: پاکستان کے معاشی حب کراچی میں بارش کی پہلی بوند سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ بارش سے نکاسی آب کا نظام بھی مفلوج ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

بارش ہوتے ہی کراچی میں 200 سے زائد فیڈرزٹرپ کرگئے، جس کی وجہ سے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کراچی میں 200 سے زائد فیڈرزٹرپ کرنے سے نیوکراچی، نارتھ کراچی، لیاقت آباد، اورنگی ٹاوَن، لیاری، بلدیہ ، کیماڑی، کورنگی اور لانڈھی کےعلاقوں میں بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہوگئی۔

کراچی میں بارش سے ایئر پورٹ شاہراہ فیصل ،لال کوٹھی، ٹیپوسلطان،کارساز،ٹاور،شاہین کمپلیکس کےاطراف پانی جمع ہوگیا ہے۔

پی آئی ڈی سی،ایم آرکیانی روڈ، گودام چورنگی، ہینوچورنگی،جام صادق پل،کورنگی انڈسٹریل ایریا، مین کورنگی روڈ،ناظم آبادانڈرپاس،حیدری،گلبہارمیں پانی جمع ہوگیا۔

بارش سے کےڈی اےچورنگی،فائیواسٹارچورنگی،جناح بریج، آواری ٹاور،تبت سینٹر،گرومندر،جناح بریج،کلب چوک، نیپا فلائی اورکےاطراف بھی بارش کاپانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کچھ علاقوں میں احتیاطی طورپربجلی کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق تیزہواوَں کے باعث بجلی کے تاربھی ٹوٹے ہیں۔ بجلی کے ٹوٹے ہوئے تاروں کی وجہ سے کرنٹ لگنے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام مفلوج ہونے کا خدشہ

ترجمان کا کہنا ہے کہ  بجلی چوری روکنے کے اقدامات میں ایچ ٹی اور ایل ٹی پولز کی جیو ٹیگنگ جیسے اقدامات شامل ہیں۔ کے الیکٹرک کنڈا مافیا اور پولز پر غیر قانونی انٹرنیٹ و ٹی وی کیبلز کے خلاف مسلسل متحرک کام کررہا ہے۔

ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک نے اپنے کھمبوں پر غیر قانونی اسٹریٹ لائٹس کے خلاف بھی اقدامات کیے ہیں۔ بارشوں سے قبل ان تمام اقدامات کا مقصد کے الیکٹرک کے سسٹم کو مزید بہتر بنانا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح رہی ہے۔ امید ہے کہ بارش کی صورت میں پانی کی فی الفور نکاسی کی جائیگی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی موبائل ٹیمیں بجلی سے متعلق بروقت امداد کیلئے مصروف ہیں۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 کال سینٹر پر فوری رابطہ کریں۔

دریں اثناء  محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں فیصل بیس کے اطراف 26 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ ناظم آباد میں 22، لانڈھی میں 3ملی میٹر اور کلفٹن کے اطراف میں 6 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 43ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پی اے ایف بیس فیصل میں 26، ناظم آباد میں 22، اولڈ ایئرپورٹ پر10، پی اے ایف مسرور میں 12، جناح ٹرمینل پر8.8، کلفٹن میں 6اورلانڈھی میں3.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی ٹاوَن میں 12 اور یونیورسٹی رورڈ پر 0.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے کراچی اور اندرون سندھ کے کچھ اضلاع میں مزید دو دن بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ایک کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کراچی میں مون سون کی بارشوں کے سبب نکاسی آب کا نظام مفلوج ہونے کا خدشہ ہے جس سڑکیں پانی میں ڈوب سکتی ہیں۔

کراچی میں دو دن موسلا دھار بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے اور نالوں کی صفائی نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات کاسامنا ہوسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں