وزیراعظم نے مقامی طورپر تیار کردہ وینٹی لیٹرز کے پیداواری پلانٹ کا افتتاح کر دیا



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آج مقامی طور پر تیار کردہ وینٹی لیٹرز کے پیداواری پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔

اس ضمن میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہری پور میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان خود انحصاری کے ساتھ ٹیکنالوجی میں جدت لانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے کسی بھی اقدام کی بھرپور حمایت کرے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ معیشت کو فعال رکھنے کیلئے ہماری سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کی بڑے پیمانے پر پذیرائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اب ہماری توجہ کا محور صحت کے شعبے میں جامع اصلاحات ہوں گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے ہماری حکمت عملی کامیاب رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاوَن کی حکمت عملی کو وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے، حکومت کی توجہ اب صحت کے شعبے میں اصلاحات پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،ہم لوگوں کی ذہانت سے فنی مہارت کے ذریعے خود انحصاری کی منازل طے کریں گے۔

وزیراعظم نے این آر ٹی سی اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اقدامات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز کی تیاری پاکستان کےلیے ایک اہم کامیابی ہے۔

جب تک ویکسین نہیں آ جاتی ہمیں کورونا کیساتھ گزارا کرنا ہے، عمران خان

انہوں نے مزید کہا کہ وینٹی لیٹرز کی تیاری میں حصہ لینے والی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے تمام منصوبوں میں تعاون کرے گی، نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر خود انحصاری کی منازل طے کریں گے۔


متعلقہ خبریں