پنجاب کی جیلوں کے قیدی ڈھائی ماہ بعد اپنے پیاروں سے مل سکیں گے


لاہور: پنجاب کے جیلوں میں موجود قیدی ڈھائی ماہ بعد اپنے پیاروں سے ملاقات کر سکیں گے۔

پنجاب کی جیلوں میں بند قیدیوں کے لیے خوشخبری آ گئی۔ محکمہ داخلہ نے قیدیوں سے ان کے اہلخانہ کی ملاقات کرانے کی اجازت دے دی۔ ملاقات ایس او پیز کے تحت پندرہ دن میں ایک بار ہو گی۔

آئی جیل جیل خانہ جات کے مطابق ملاقات کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا، ملاقاتی ماسک پہن کر اور ٹیمپریچر چیک کرا کے اندر جا سکے گا جبکہ ملاقات کے دوران چھ فٹ کا فیصلہ بھی یقینی بنایا جائے گا۔

لاہور کی ڈسٹرکٹ جیل کے باہر موجود اپنے پیاروں کو ایک نظر دیکھنے کے لیے آئے ملاقاتی خوش ہیں اور کہتے ہیں کہ اب ڈھائی ماہ بعد وہ اپنے پیاروں سے ملاقات کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں سندھ کی جیلوں میں 1،464 قیدیوں میں کورونا کی تصدیق

محکمہ داخلہ پنجاب نے 30 مارچ کو جیلوں میں بڑھتے کورونا کیسز کی روک تھام کے پیش نظر تاحکم ثانی جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث4ہزار 839 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 2لاکھ 34ہزار509 متاثر ہیں۔

پنجاب میں ایک ہزار 899 افراد کورنا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ سندھ ایک ہزار 572، خیبر پختونخوا ایک ہزار 38، بلوچستان 124، اسلام آباد 140، آزاد کشمیر 36 اور گلگت بلتستان میں 30 کورونا مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

ایک دن میں پنجاب میں 14 اموات اسپتالوں اور ایک گھر میں ہوئی۔ خیبرپختونخوا میں 10 کورونا مریض اسپتال اور ایک گھر پردم توڑگیا۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں اسلام آباد میں 3 اموات اسپتالوں میں ہوئیں۔ بلوچستان میں ایک دن کے دوران اسپتال ایک کورونا مریض جاں بحق ہوا۔

گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسپتال میں 2 اموات رپورٹ ہوئیں اور آزادکشمیر میں کوئی بھی کورونا وائرس سے جاں بحق نہیں ہوا۔

سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد 96 ہزار 236 ہو گئی ہے جبکہ پنجاب 82 ہزار 669، خیبر پختونخوا 28 ہزار 236، بلوچستان 10 ہزار 841، اسلام آباد 13 ہزار 557، گلگت ایک ہزار 587 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار 383 افراد متاثر ہیں۔


متعلقہ خبریں