بلوچستان کی پہچان بلوچی چپل


بلوچی چپل بلوچستان کی پہچان ہے اوراس کے پسند کرنے والے آج بھی بہت ہیں تاہم دکاندار کہتے ہیں کورونا کے باعث ان کا کاروبار متاثر ہوا ہے۔

بلوچستان کی روایتی بلوچی چپل کو نہ صرف صوبے میں جوان بڑے شوق سے پہنتے ہیں بلکہ ملکی سطح پر بھی بلوچی چپل  پسند کی جاتی ہے۔

بلوچی چپل کی مختلف اقسام ہیں جس میں بالاچ کٹ اور کشیدہ کاری کے چپل بہت مشہور ہیں ایک جوڑے کی  قیمت  ایک ہزار روپے سے لیکر 25 سو روپے تک ہے۔

کوئٹہ کا پرنس روڈ ایسی چپلوں کی تیاری اور فروخت کا سب سے بڑا مرکز ہے۔ عید الضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی کوئٹہ میں بلوچی چپل کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے کیوں کہ کوئٹہ کے لوگوں کی عید بلوچی چپل کے بغیر نامکمل ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال ان کا کاروبار بھی متاثر ہوا ہے۔ کوئٹہ میں بلوچی چپل کے کاروبار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ چپل بنانے کے لیے  چمڑہ ایران اور چین سے آتا ہے۔ڈالر مہنگا ہونے کے باعث چمڑے کی قیمت میں اضافہ ہوچکا ہے جس کا اثر بلوچی چپل کی قیمتوں پر بھی ہوا ہے۔

بلوچستان کے علاوہ  سندھ اور پنجاب سے بھی خریدار بلوچی چپل خریدنے کوئٹہ آتے ہیں اور تحفے کے طور پر  اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے لیے لے جاتے ہیں۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے ان خرید اروں کا کہنا کہ جہاں یہ اپنے ڈیزائن اور ساخت میں منفرد ہے، وہیں اس کے بہت سارے ڈیزائن بھی ہیں۔  بلوچی چپل نہ صرف خوبصورت بلکہ سستے اور پائیدار بھی ہیں۔

ان میں بلوچ چپل (چوّٹ) بھی ہے جو کہ کئی لحاظ سے منفرد ہے۔ دیگر بوٹ اور چپل وغیرہ کے مقابلے میں بلوچی چپل پائیدار اور آرام دہ ہوتی ہیں۔


متعلقہ خبریں