کرنل شیرخان اور حوالدار لالک جان شہید کی 21ویں برسی پردعائیہ تقاریب منعقد


اسلام آباد: دنیا کے بلند ترین محاذ کارگل میں 1999 کی جنگ میں شہید ہونے والے  کرنل شیرخان اور حوالدار لالک جان شہید کی 21ویں برسی  پر دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں۔

فوج کے  شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دعائیہ تقاریب کرنل شیرخان شہید کے گاوں صوابی اور حوالدار لالک جان شہید کے گاوں ہندور یاسین، ضلع غذراور گلگت بلتستان میں منعقد کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی آخری آرام گاہ پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ دھرتی پرجان نچھاورکرنے والے بیٹوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  کی طرف سے حوالدار لالک جان شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے۔ فورس کمانڈر ایف سی این اے میجرجنرل احسان محمود نے لالک جان شہید کی یادگار پر پھول چڑھائے۔

مزید پڑھیں: کارگل جنگ کے شہیدکرنل شیرخان اور لالک جان کی کہانی

آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈنٹ پنجاب رجمنٹل سینٹر نے کرنل شیرخان کی یادگارپرپھول چڑھائے۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے دعائیہ تقاریب میں شرکت کی۔ سول وفوجی حکام نےشہداء کی یادگار پرحاضری دی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر قمیت پر ملکی دفاع کیلئے بہادری سے ڈٹے رہنا ہی دھرتی ماں کے بیٹوں کا شیوہ ہے۔ مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان نچھاور کرنے سے بڑھ کر کوئی اعزاز نہیں، قوم کو اپنے بہادر بیٹوں پر فخر ہے۔

پاک فوج نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید، حوالدار لالک جان شہید کو بہادری، لازوال جذبے اور مثالی قیادت کا درخشندہ باب قرار دیا ہے۔


متعلقہ خبریں