مون سون بارشیں: وزیراعلیٰ پنجاب نالوں کی صفائی میں تاخیر پر برہم


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مون سون بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کے کام میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کام مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کےاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جون کے آخر تک نالوں کی صفائی مکمل ہونی چاہیے تھی، جوکہ اب تک نہیں ہوچکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ ہنگامی بنیادوں پر نالوں کی صفائی کے کام کو مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات جلد مکمل کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دریاؤں کے حفاظتی بند او رپشتوں کی مضبوطی کے کام کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کےاجلاس میں ممکنہ سیلاب سے متعلق محکموں اور اداروں کی تیاریوں  اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے حوالے سے شہرو ں میں ضروری انتظامات پر بھی غور  کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں آج مون سون ہوائیں داخل ہوں گی، شدید بارشوں کا امکان

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مون سون سیزن کے پیش نظر دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کوضلع کی سطح پر ایمرجنسی پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم صورتحال پرنظر رکھے۔ متعلقہ محکمو ں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے۔ ڈسٹرکٹ انسپکشن کمیٹیاں باقاعدہ اجلاس کر کے انتظامات کا جائزہ لیں۔


متعلقہ خبریں