‘بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان میں دہشتگردی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے’


اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان میں جاری دہشتگردی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔

اقوام متحدہ کے انسداد دہشتگردی ورچوئل ویک سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشتگردی رکوانے کیلئے اقوام متحدہ اقدامات کرے۔

منیر اکرم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو دہشتگردی کا رنگ دینے کی کوشش کرتا ہے۔ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر، بھارتی فورسز نے نواسے کے سامنے نانا کو شہید کر دیا

انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیری عوام کا حوصلہ ختم نہیں کر سکتے۔ کشمیری خودارادیت کے بنیادی حق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔پاکستان بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیموں کے نشانے پر ہیں۔

منیر اکرم نے کہا کہ بھارت پاکستان میں کرائے کے دہشتگردوں کے ذریعے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ چینی قونصل خانے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کی مثالیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور دنیا کے دیگر حصوں میں اسلاموفوبیا کو ہوا دی جا رہی ہے۔ بی جے پی کی حکومت آر ایس ایس کے ذریعے ہندو بالادستی پرکام کر رہی ہے۔ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو خطرات لاحق ہیں۔


متعلقہ خبریں