اسکول یکم ستمبر سے کھولنے پر اتفاق



اسلام آباد: بین الصوبائی وزراء تعلیم کے مشاورتی اجلاس میں یکم ستمبر سے اسکول کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائےتعلیم کا اجلاس میں جس میں اتفاق کیا گیا کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہوئی تو ملک بھر میں یکم ستمبر سے اسکول کھولے جائیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم کی زیر صدارت اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بائیس اگست کو صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور صورتحال تشویش ناک ہوئی تو تعلیمی ادارے بدستور بند رہیں گے۔

اجلاس میں آل پاکستان پرائیویٹ اسکولزفیڈریشن نےاسکولزاگست تک بند رکھنے کافیصلے مسترد کر دیا ہے۔  پرائیویٹ اسکولزفیڈریشن نے کہا کہ بندش سے 50 فیصد ادارے بند اور 10 لاکھ لوگ بے روزگار ہوجائیں گے۔

ذرائع کے مطابق بین الصوبائی وزارئے تعلیم کے اجلاس میں ایس او پیز اور تعلیمی ادارے و مدارس کھولے جانے کے حوالے مشاورت ہوئی۔

کورونا وائرس کے باعث ملک بھر کے تعلیمی ادارے مارچ سے تاحال بند ہیں۔ وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ اگر حالات بہتر ہوئے تو 15 اگست سے اسکول کھول دیں گے اور پہلے مرحلے میں ضروری کلاسز لگانے کی اجازت دیں گے۔

وفاقی وزیرتعلیم  شفقت محمود کا کہنا ہے کہ نجی سکولوں کی طرف سے تعلیمی ادارے کھولنے کا بہت دباو ہے لیکن ہمارے لیے بچوں کی صحت سب سے اولین ترجیح ہے، جو بھی فیصلہ کریں گے بہت احتیاط سے کیا جائے گا۔

حکومت ایس او پیز کے تحت اسکولوں کو کھولنے پہ غور کر رہی ہے اور اس ضمن میں تمام صوبوں کے مدارس اور نجی تعلیمی اداروں سے تجاویز بھی طلب کرلی گئی ہیں۔

اسکولوں کو کھولنے کا جائزہ لینے کے دوران نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کو بھی پیش نظر رکھا جائے گا۔

وفاقی حکومت تعلیمی ادارے کھولنے کی حکمت عملی پر یونیسیف سے بھی مشاورت کر رہی ہے۔ وفاقی وزیرتعلیم کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے کا روڈ میپ تیار ہونے کے بعد والدین کو اعتماد میں لے کر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مارچ میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس وقت وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ اگر کورونا وائرس کا مسئلہ حل ہوگیا تو تعلیمی ادارے جون میں دوبارہ کھل جائیں گے۔


متعلقہ خبریں