گندم: برآمد پر پابندی، درآمد کی اجازت

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آٹے، گندم اور اس سے بنی تمام مصنوعات کی برآمد پر غیرمعینہ مدت کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے نجی شعبے کو دس لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت  دے دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق درآمدی گندم کی اندرون ملک آزادانہ نقل و حمل کی اجازت ہوگی۔ صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گندم کی نقل و حمل کو مانیٹر کریں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گندم کی درآمد پر عائد ساٹھ فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی، گیارہ فیصد کسٹم ڈیوٹی، سترہ فیصد سیلز ٹیکس اور چھے فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔ گندم درآمد کرنے کے لیے وقت کی حد مقرر نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے سینئروزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر ہدایات دی تھیں کہ پنجاب میں گندم اور آٹے کی قلت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا تھا کہ عام آدمی کو کم قیمت آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مزید پڑھیں: ذخیرہ اندوزوں کو پکڑیں یا سبسڈی دیں- آٹا سستا دیں، وزیراعظم

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیرعبدالعلیم خان  نے وزیراعظم سے ملاقات کی اورانہیں صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔

پنجاب کے سینئروزیرنے وزیراعظم کومحکمہ خوراک کی کارکردگی پربریفنگ دی تھی اور صوبے میں گندم کی خریداری، ذخائر اورموجودہ صورتحال پر آگاہ کیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو صوبائی وزیر نے گندم کی خریداری کی نئی پالیسی سمیت دیگر متعلقہ امور کی بابت تفصیل سے بتایا تھا اور پنجاب میں ٹارگٹڈ سبسڈی کے طریقہ کار پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے صوبائی وزیر خوراک کو واضح طور پر ہدایات دی تھیں کہ پنجاب میں گندم اور آٹے کی قلت نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو کم قیمت پہ آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


متعلقہ خبریں