ریلوے کی بہتری کیلئے حکومت کو سنجیدگی سے سوچنا ہوگا، سپریم کورٹ

عوامی اور سرکاری زمینوں پر پیٹرول پمپس کیسے تعمیر ہو گئے ؟ چیف جسٹس

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاکستان ریلوے خسارہ ازخود نوٹس کیس کے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ ریلوےکی بہتری کے لیے حکومت کو سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔

سپریم کورٹ نے آج کی سماعت کاتحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ  پاکستان میں ریلوے کواس اندازمیں نہیں چلایا جارہا ہے جیسے چلانا چاہیے۔

حکم نامہ میں کہا گیا کہ آئے روز ریلوے حادثات کی وجہ سے لوگوں کی جان ومال کا نقصان ہورہاہے۔ پاکستان ریلوےکی بہتری کی کوئی صورت نظرنہیں آرہی ہے۔

سپریم کورٹ نے حکم نامے میں کہا ہے کہ انفراسٹرکچرسمیت بظاہرریلوے ملازمین ریلوے کا نظام چلانے کیلئے موزوں نظرنہیں آرہے ہیں۔ ریلوے کے محکمے میں اصلاح کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کامسافروں کیلئے ریلوے سفر محفوظ بنانے کا حکم

سپریم کورٹ نے حکم نامے میں ہدایت کی ہے کہ پلاننگ کمیشن ایک ماہ میں ریلوے کی بہتری سے متعلق رپورٹ جمع کرائے۔سیکریٹری ریلوے کے مطابق ایم ایل ون کاپی سی ون منظوری کے لیے ایکنک کو بھیجا ہوا ہے۔

حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ ایکنک ایک ماہ کے اندرمنظوری دے گی، تاکہ ایم ایل ون پر کام شروع کیا جاسکے۔

سپریم کورٹ نے حکم نامے میں ہدایت کی ہے کہ سندھ حکومت کراچی سرکولرریلوے کے راستے میں نالہ سمیت دیگررکاوٹیں دور کرے۔ دو ہفتوں کے اندرسرکولر ریلوے کراچی سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔ چیف سیکریٹری سندھ اورکمشنرکراچی آئندہ سماعت پرپیش ہوں۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کیس کی مزید سماعت ایک ماہ بعد ہوگی۔


متعلقہ خبریں