سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کرگئی


کراچی: سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی، جبکہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 40 مریض زندگی کی بازی ہار گئے.

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق 24 گھنٹے میں مزید 15 سو 38 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اب تک ایک لاکھ نو سو افراد میں مہلک وائر س کی تصدیق ہوئی ہے۔ مزید چالیس اموات کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد سولہ سو ستتر تک پہنچ گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق اس وقت پانچ سو اکیاسی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ پچھتر مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث4ہزار983 افراد جاں بحق اور2 لاکھ 40 ہزار848 متاثر ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 3ہزار359 نئےکیسز رپورٹ ہوئے اور61افراد کا انتقال ہوا۔ ایک دن میں 6ہزار8 افراد کورونا وائرس سے شفایاب ہوئے۔

پنجاب میں ایک ہزار 955 افراد کورنا وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ سندھ ایک ہزار637، خیبرپختونخوا ایک ہزار54، بلوچستان124، اسلام آباد142، آزادکشمیر40 اور گلگت بلتستان میں 31 کورونا مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور کے دو مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد99ہزار362 ہوگئی ہے جب کہ پنجاب84ہزار587، خیبرپختونخوا29ہزار52، بلوچستان11ہزار52، اسلام آباد13ہزار731،گلگت ایک ہزار605 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار459 افراد متاثر ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد ایکٹو کیسز سے زائد ہے اور تا حال ایک لاکھ 40 ہزار 965 کورونامتاثرین صحت یاب ہوئے۔ پاکستان میں اس وقت کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 91 ہزار 602 ہے۔

ملک میں کورونا ٹیسٹنگ صلاحیت یومیہ 60 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ اور 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں۔ کورونا کے مریضوں کیلئے ایک ہزار525وینٹی لیٹرز مختص ہیں۔ 30شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر رہی۔

 


متعلقہ خبریں