تھر پارکر میں بھی ٹڈی دل کے حملے

تھر پارکر میں بھی ٹڈی دل کے حملے

فائل فوٹو


تھر: سندھ کے ضلع تھر پارکر میں بھی ٹڈی دل نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں مختلف درخت متاثر ہوئے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق تھر پارکر میں ٹڈی دل نے بیر اور کونبھٹ کے درختوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے تاہم مقامی افراد ازخود ٹڈی دل کو بھگانے میں مصروف ہیں۔

تھر پارکر کے رہائشیوں نے حکومت سے متاثرہ علاقوں میں اسپرے کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

واضح رہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ٹڈی دل کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو چکی ہیں تاہم سرکاری سطح پر ٹڈی دل کے خلاف اسپرے مہم جاری ہے۔

اس سے قبل قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے(این ڈی ایم اے) نے بتایا کہ ٹڈی دل پاکستان کے 52 اضلاع میں موجود ہے اور اس کے تدارک کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

این ڈی ایم کے مطابق بلوچسستان میں 31، خیبر پختونخوا 10، پنجاب 4 اور سندھ میں 7 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 1128 ٹیموں لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 50 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا۔

رپورٹ کے مطابق4900 ہیکٹر رقبہ کا ٹڈی مار ادویات سے ٹریٹمنٹ کیا گیا ہے۔ بلوچسستان میں 3200 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا گیا ہے اور پنجاب میں 100 ہیکٹر پر اسپرے کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں ٹڈی دل کا خاتمہ: برطانیہ سے اسپرے مشینیں پاکستان پہنچ گئیں

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایک ہزار ہیکٹر رقبہ کی ٹریٹمنٹ ہوئی ہے جب کہ سندھ میں گذشتہ روز 600 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔ این ڈی ایم اے نے بتایا کہ اب تک پورے ملک میں 4لاکھ 97 ہزار ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا جا چکا ہے۔

پاکستان میں ٹڈی دل کے مسلسل حملوں کی وجہ سے کپاس، مرچ کی فصلوں اور آم کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سندھ کے ضلع نواب شاہ میں ٹڈی دَل کے حملے سے کپاس، گنا، جوار اور پیاز کی فصل کو نقصان ہوا۔


متعلقہ خبریں