راولپنڈی کا لاٹو محلہ

راولپنڈی کا لاٹو محلہ

فوٹو: ہم نیوز


ایک وقت تھا جب لٹو چلانا نوجوانوں اور بچوں کا پسندیدہ مشغلہ ہوا کرتا تھا، مگر وقت کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر اور موبائل گیمز نے اس قدیم روائتی کھیل کی جگہ لے لی ہے۔

راولپنڈی کے ایک محلے میں یہاں رہنے والوں اور لٹو کی ایک واحد دکان اس شوق کو آج بھی زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

خوبصورت لٹو چلانے کے لیے ان بوڑھوں، بچوں اور نوجوانوں کی بے چینی دیکھ کر آپ کواپنا بچپن تو ضرور یاد آئے گا۔ محلے کے لوگ اس روایت کو اس لیے زندہ رکھے ہوئے ہیں کیونکہ اس محلے کا نام اسی کھیل کے نام سے ہی منسوب ہے۔

راولپنڈی میں موجود لاٹو محلے کے لوگ اس روایتی کھیل کے فروغ کے لیے وقت ضرور نکالتے ہیں۔

ایک وقت تھا جب لاٹو محلے میں جگہ جگہ لٹووں کے ڈھیر ہوا کرتے تھے اور خریداروں کا بے پناہ رش رہتا تھا۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لٹو کے شوقین کم ہوئے تو یہاں بنی درجنوں دکانیں اب دیگر تجارتی سرگرمیوں کی نظر ہوگئیں۔ْ

اس محلے میں ایک دکان ضرور بچی ہوئی ہے جو اس کے مالک اعظم کو اپنے اباواجداد سے وراثت میں ملی ہے۔

اعظم اپنی اس اکلوتی دکان سے اکا دکا لٹو چلانے والوں کا شوق پورا کر دیتا ہے۔ اعظم کی یہ دکان لاٹو محلے کی آخری نشانی ہے اور یہ چالیس سال سے یہی کام کر رہا ہے۔

اس کا کہنا ہے کہ اب اس پیشے سے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہو گیا ہے اس لیے وہ اپنے گزر بسر کے لیے یہ ایک سیکیورٹی کمپنی میں گارڈ کے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔

موبائل اور کمپیوٹر گیمز نے رنگ برنگے لٹو کی جگہ لے لی ہے لیکن لاٹو محلے میں اعظم کی یہ اکلوتی دکان بچپن کے اس قدیم روایتی کھیل کی یاد تازہ کر دیتی ہے۔


متعلقہ خبریں