عزیر بلوچ پر مزید 8 مقدمات میں فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان

عذیر بلوچ پر مزید 8 مقدمات میں فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان

فائل فوٹو


کراچی: لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ پر مزید 8 مقدمات میں فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پولیس پر حملہ، قتل اور اغوا سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزم عزیر بلوچ کو مزید 8 مقدمات میں مقدمات کی نقول فراہم کر دی۔

آئندہ سماعت پر عزیر بلوچ پر مزید 8 مقدمات میں فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ عزیر بلوچ کو سخت سیکیورٹی میں اے ٹی سی میں پیش کیا گیا۔

7 جولائی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تاجر کے اغواء برائے تاوان اور قتل کے مقدمے میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ پر فرد جرم عائد کی تاہم ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

عزیربلوچ کوسخت سیکیورٹی میں چہرہ ڈھانپ کر اور ہتھکڑی لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں پیشی کے دوران فاضل جج نے مجرم کو فرد جرم پڑھ کر سنائی۔

فرد جرم کے مطابق عزیر بلوچ پرعبدالصمد کے اغواء برائے تاوان اور قتل کا الزام ہے۔ ملزم نے 10 لاکھ روپے تاوان طلب کیا اور 70 ہزار روپے لینے کے باوجود مغوی کو قتل کیا۔ جج  نے استفسار کیا کہ کیا آپ جرم قبول کرتے ہیں۔

کٹہرے میں موجود عزیر بلوچ نے نفی میں سر ہلا کر صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے ملزم کے انکار پر آئی او اور گواہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آ گئے

ملزم کی پیشی کے موقع پر سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی عدالت میں رینجرز کی بھاری تعینات تھی۔ مذکورہ مقدمے میں عزیر بلوچ کا بھائی زبیر بلوچ و دیگر گرفتار ہیں اور دیگر ملزمان پر پہلے ہی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔


متعلقہ خبریں