عید قریب آتے ہی لاہور میں سبزی مافیا سرگرم


لاہور: عید قریب آتے ہی لاہور میں سبزی مافیا سرگرم ہو گیا، سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے شہریوں کی چکرا کر رکھ دیا، ٹماٹر ایک سو بیس روپے فی کلو فروخت ہونے لگے۔

لاہور میں بڑی عید سے پہلے مہنگائی کی بڑی لہر آگئی، سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے، چٹخارے دار کھابوں میں استعمال ہونیوالا ٹماٹر عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہونے لگا۔ چند روز پہلے تک تیس روپے کلو فروخت ہونیوالا ٹماٹر ایک سو بیس روپے میں فروخت ہونے لگے۔

مارکیٹ میں آلو پچاس سے ستر، پیاز ساٹھ سے ستر، ادرک تین سو تیس، بھنڈی، کریلے کدو اور ٹینڈے ساٹھ سے اسی روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں۔

خریداروں کا کہنا ہے عید سے تین ہفتے پہلے ہی مہنگائی نے پریشان کر ڈالا ہے۔ شہری سلمی بی بی، زاہد علی اور دیگر کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی نئی قیمت سے بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ٹماٹر تو قوت خرید سے باہر ہو چکے ہیں۔

دکانداروں کے مطابق دوسرے صوبوں سے سبزی آتی ہے جس کے باعث قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹماٹر اور دیگر سبزیاں مقامی مارکیٹ سے نہیں مل رہی ہیں اور دوسرے صوبوں سے آتی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ سبز مصالحہ جات کی قیمتوں کو فوری کنٹرول کرے تاکہ عوام کے لئے دو وقت کا کھانا بنانا آسان ہو سکے۔


متعلقہ خبریں