کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا معاملہ: 4 رکنی انکوائری کمیٹی قائم


اسلام آباد: آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کے معاملے پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے  4 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے۔

نیپرا اعلامیہ کے مطابق کراچی میں کے الیکٹرکی کی جانب سے اوور بلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر نیپرا نے ویڈیو لنک پر عوامی سماعت کی۔ سماعت میں عوامی نمائندوں، بزنس کمیونٹی ،سماجی تنظیموں اور کراچی کے شہریوں نے شرکت کی۔

نیپرا اعلامیہ کے مطابق عوامی سماعت کے دوران کراچی میں اوور بلنگ اور لوڈ شیڈنگ کی شکایات اور آراہ سنی گئی اور ان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

نیپرا اعلامیہ کے مطابق کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر 4 رکنی کمیٹی قائم  کردی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ انفورسمنٹ کمیٹی کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر عوامی نمائندوں کی شعلہ بیانیاں

اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کے ممبران فوری طور پر کراچی جا کر معاملے کی انکوائری کریں گے۔ کمیٹی آئندہ ہفتہ کےآخرمیں رپورٹ پیش کرےگی۔ رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کےخلاف کارروائی ہوگی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے سبب کراچی کے صنعتی علاقے بند ہیں اور اس کے باوجود رہائشی علاقوں میں8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے۔ پاکستان کے کمرشل حب کراچی میں آٹھ سے بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے نہ دن کو سکون ہے نہ رات کو سو پاتے ہیں۔

بجلی کی فراہمی کے ذمہ دار ادارے کے الیکٹرک نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ فرنس آئل اور گیس کی عدم فراہمی کو وجہ سے پیداوار میں کمی آئی ہے۔

ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ اضافی گیس اور فرنس آئل کی فراہمی جاری ہے اوردرپیش صورتحال پہ جلد قابو پالیں گے۔


متعلقہ خبریں