لاہور میں مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں گی


لاہور: لاہور میں عیدالاضحیٰ سے قبل تیرہ مویشی منڈیاں سجانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے  کورونا کے باعث مویشی منڈیاں شہر سے باہر دس سے پینتالیس کلومیٹر کی حدود میں فعال کی جائیں گی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق رواں برس ساڑھے سولہ لاکھ چھوٹے بڑے جانور فروخت ہونے کا امکان ہے.

عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی شہر میں چھ مویشی منڈیاں سج جاتی ہیں، مگر رواں سال کورونا کے سبب مویشی منڈیوں کی تعداد تیرہ کر دی گئی ہے، جو پندرہ جولائی سے فعال ہوں گی.

نشتر زون میں شہر کی بڑی مویشی منڈی، چھ ہزار تین سو کنال پر لگائی جائے گی، جس میں سات لاکھ سے زائد جانوروں کی خرید و فروخت کا امکان ہے.

مزید پڑھیں:ملک کے تمام بڑے شہروں میں مویشی منڈیوں کی اجازت دینے کی تجویز، سفارشات تیار

ایل ڈی اے سٹی کی مویشی منڈی میں ایک لاکھ اکتالیس ہزار بڑے، پانچ لاکھ سڑسٹھ ہزار چھوٹے جانوروں کی گنجائش ہو گی.

پائن ایونیو روڈ پر سات سو کنال پر مویشی منڈی سجے گی، جہاں پیسٹھ ہزار چھوٹے اور سولہ ہزار بڑے، کاہنہ کاچھا میں آٹھ سو کنال پر منڈی میں بہتر ہزار چھوٹے اور اٹھارہ ہزار بڑے جانوروں کی گنجائش ہے۔

لاہور کے ضلعی حکام کے مطابق منڈیوں میں کورونا سے بچاو کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ جانوروں کی خرید و فروخت پر کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

کنوینئر مویشی منڈی لاہور زبیر وٹو کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات ضروری ہیں، بیوپاریوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں میں میڈیکل کیمپ کے ساتھ مختلف مقامات پر ہاتھ دھونے کا انتظامات بھی کیے جائیں گے، منڈیوں میں بچوں اوربزرگوں کا داخلہ بھی بند ہو گا۔


متعلقہ خبریں