مولانا، زرداری ملاقات اپنی حیثیت منوانے کے جتن ہیں، ترجمان پنجاب حکومت

کورونا: پنجاب میں اسمارٹ سیمپلنگ کا آغاز

لاہور: ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مولانا، زرداری ملاقات اپنی حیثیت منوانے کے جتن ہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بیروزگار اپوزیشن رہنما ملاقاتیں بھی نہ کریں تو کیا کریں؟

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں چلے ہوئے کارتوس کی مانند ہیں، اپوزیشن والے کندھوں سے کرپشن کا بوجھ اتار کر میدان میں آئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کرپشن کرنے والوں کو سیاست سے مائنس کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری سے آج بلاول ہاؤس میں امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کی تفصیلی ملاقات ہوئی ہے۔

بلاول ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ملک کے اہم سیاسی اموراور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بات چیت میں اے پی سی کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر بھی بتایا ہے اور اس حوالے سے تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کی آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ہونے والی ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔

ذرائع کے مطابق ہونے والی بات چیت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پی پی اور جے یو آئی (ف) ملکی سلامتی اور بقا کی خاطر سیاسی امور پر ساتھ چلیں گی۔ ذرائع کے مطابق اس بات پر بھی اتفاق رائے ہوا کہ این ایف سی ایوارڈ اور 18 ویں آئینی ترمیم  پرغیر لچکدار مؤقف اپنایا جائے گا۔

ملاقات میں سابق صدر آصف زرداری نے واضح طور پر کہا کہ عوام دشمن بجٹ اور این ایف سی ایوارڈ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان حکومت چلانے کے اہل نہیں ہیں۔

شہبازشریف کا بلاول بھٹو کو ٹیلی فون، اے پی سی کے انعقاد پر مشاورت

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ٹڈی دل کے حملوں سے متعلق پارلیمان میں حکومت کو خبردار کیا تھا لیکن حکومت نے ٹڈی دل کے حملوں سے متعلق میرے خدشات کو سنجیدہ نہیں لیا۔

سابق صدر نے ہونے والی گفتگو میں خبردار کیا کہ اگر ٹڈی دل کے حملوں کی روک تھام نہ کی گئی تو خوراک کا بحران پیدا ہوجائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام امید کی نظروں سے ملک کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھ اکہ کورونا بحران کے دوران عمران خان کی نااہلی کھل کر سامنے آچکی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور عمران خان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ دورہ حکومت میں ملک میں سب سے زیادہ کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نیب کو استعمال کرکے اپوزیشن جماعتوں سے انتقام لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسال ہوگئے ہیں لیکن عمران خان نے کوئی ایک ایسا کام نہیں کیا جو عوامی مفاد میں ہو۔

بلاول بھٹو زرداری نے بات چیت میں دعویٰ کیا کہ ملک کی تمام اپوزیشن جماعتیں سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ایک پیچ پرہیں۔

ہمیں پاکستان کے لیے وزیراعظم چاہیے، بلاول بھٹو

امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے سابق صدرآصف زرداری  اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کے پیش کردہ نکات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملکی معیشت کو دیوار سے لگا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی معیشت کی منفی شرح نمو نہیں ہوئی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اگر معیشت کو بچانا ہے تو سب کو مل کر سلیکٹڈ حکمرانوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔


متعلقہ خبریں