کراچی میں کل سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا اعلان



کراچی: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کراچی میں کل سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہاب کے الیکٹرک کو دو سونوے ملین مکعب فٹ گیس دی جائے گی، فرنس آئل کی فراہمی کو بڑھایا جائے گا اور بن قاسم پاور پلانٹ کے تمام یونٹس کو چلایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نجی ادارے کے پاس ہے، کراچی کے نہیں۔  شہر کی پیک ڈیمانڈ 3500 سے 3600 میگا واٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق کے الیکٹرک کو مزید 500 ٹن فرنس آئل دے سکتا ہے،کے الیکٹرک 3 سال میں 2100 میگا واٹ بجلی سسٹم میں ڈالنے کے منصوبہ پر کام کرے، اگر رویہ درست نہیں ہوا تو وفاق اسے اپنی تحویل میں لے سکتا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار کون ہے فیصلہ نیپرا کرے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں آئندہ سال 18 فیصد بجلی کا اضافہ کیا جائےگا اور شہر کے تین چوتھائی حصے کو مسلسل بجلی فراہم کی جائے گی۔

کراچی میں لوڈ شیڈ نگ کا دورانیہ 15 گھنٹے تک پہنچ گیا

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے معاملے کو حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں.

انہوں نے بتایا کہ آج بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق اجلاس بلایا گیا تھا،کل سے کراچی میں غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے صنعتیں متاثر، بیروزگاری میں اضافہ ہورہا ہے، وفاق کے پاس بجلی سر پلس میں موجود ہے، کے الیکٹرک کو جتنی بجلی چاہیے وفاق دے سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں