علی زیدی کو جے آئی ٹی رپورٹ پیپلزپارٹی کے وزیر نے دی، فیصل واوڈا

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے انکشاف کیا ہے کہ علی زیدی کو جے آئی ٹی رپورٹ پیپلزپارٹی کے وزیر نے دی۔

ہم نیوز کے پروگرام’’بریکنگ پوائنٹ ود مالک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصل کھلاڑی علی زیدی ہیں انہیں زیادہ معلومات ہوں گی۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ میری رپورٹ کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ کا حصہ خود پیپلز پارٹی کے موجودہ وزیر نے علی زیدی کو دیا۔

یہ بھی پڑھیں: علی زیدی نے عزیر بلوچ کے قریبی ساتھی حبیب جان کی ویڈیو جاری کر دی

وفاقی وزیر برائے بحری امورعلی زیدی نے اپنی ہی پارٹی کے  رہنما فیصل واوڈا کے بیان کو مسترد کردیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’’نیوزلائن‘‘ میں بات کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ مجھے جے آئی ٹی رپورٹ پیپلزپارٹی کے کسی وزیر نے نہیں دی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں عوامی سیاستدان ہوں، بہت سے لوگ میرے کے گھر کا ایڈریس جانتے ہیں۔ علی زیدی نے کہا ہوسکتا ہے وہی شخص جے آئی ٹی دے گیا ہو، جس نے بے نظیر کی وصیت آصف زرداری کو دی تھی۔

علی زیدی نے کہا کہ میں دستاویزات کی جانچ پڑتال کے لیے تیار ہوں لیکن کیا پیپلزپارٹی بے نظیر کے خط کی تصدیق کرائے گی؟

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ حکومت نے عزیر بلوچ سمیت سابق چیئرمین فشری نثار مورائی اور بلدیہ فیکٹری کی جے آئی ٹی رپورٹس جاری کی تھیں۔ وفاقی وزیر برائے بحری امورعلی زیدی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے اصل جے آئی ٹی رپورٹس چھپائی ہے۔

ان کا کہنا ہےکہ سندھ حکومت نے جو رپورٹ ریلیز کی یہ اصل رپورٹ نہیں ہے، اس پر لکھا ہے پارٹ ون جو اصل رپورٹ تھی جس رپورٹ پر ڈیڈ لاک ہوگیا تھا وہ 43 صفحات کی ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے حال ہی میں حبیب جان کبھی ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ پیپلز پارٹی اور عزیر بلوچ کے حوالے سے مختلف انکشافات کرتے نظر آرہے ہیں۔


متعلقہ خبریں