حکومت نے تعمیراتی شعبے میں ملکی تاریخ کا بہترین پیکج دیا، شبلی فراز



اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی پالیسیوں کا محور غریب اور سفید پوش طبقے کی فلاح وبہبود ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تعمیرات کے شعبے میں ملکی تاریخ کا بہترین پیکج دیا ہے، ملک بھر میں سستے مکانات کی دستیابی بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری پورے ملک کی معیشت کو چلا سکتی ہے،  تعمیرات کے شعبے سے 40 صنعتیں وابستہ ہیں اور اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ حکومت ہاوَسنگ پروگرام کی کامیابی کے لیے سنجیدہ ہے، تعمیراتی شعبے کے لئے قومی سطح پر ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کیلئے حکومت نے 30 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، اس طرح کا کنسٹرکشن پیکج پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی کے تحت بینک تعمیرات کے شعبے میں سالانہ 330 ارب روپے کے قرضے دے سکیں گے،گھر خریدنے کے لئے فنانسنگ کا ذریعہ بینکس ہوتے ہیں، بینکس عام طور پر تعمیراتی صنعت کو اتنا قرضہ نہیں دیتے۔

حکومت پانچ  نہیں دس سال کی پلاننگ کررہی ہے، شبلی فراز

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پالیسی کے تحت بینکوں کے لیے شرح منافع کا تعین بھی کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 مرلے کے مکان پر خریدار کو 3 لاکھ روپے کی چھوٹ ملے گی، بلڈرز سے درخواست ہے کہ اس پیکج سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے بتایا کہ  پیکج سے فائدہ اٹھانے کیلیے 31 دسمبر تک موقع ہے جس کے بعد عالمی اداروں کی پابندیاں لگ جائیں گی، ٹیکس چھوٹ اور دیگر مراعات کا فائدہ 31 دسمبر سے پہلے پہلے اٹھایا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں