ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 11 سالہ بچی سمیت 5 افراد زخمی

بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، شہری زخمی

فوٹو: فائل


راولپنڈی: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 11 سالہ بچی اور خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کےڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ بھارتی فوجیوں نے ایل او سی پر رکھ چکری سیکٹر اور کھوئی رٹہ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپوراورموثرجوابی کارروائی کی گئی ہے۔ پاک فوج نے فائرنگ کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، 5 شہری زخمی

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق رواں برس بھارتی فورسز 1643 بار فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر چکی ہے۔

گزشتہ ہفتے بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ سے 5 شہری زخمی ہو گئے تھے۔

بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جبکہ پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا فوری اور مؤثر جواب دیا۔

ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے بعد سنیئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج بھی ریکارڈ کرا گیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایل او سی معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارت جان بوجھ کر شہری آبادی کونشانہ بنارہا ہے۔


متعلقہ خبریں