دنیا بھر میں آج یوم شہدائے کشمیر منایا جا رہا ہے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: دنیا بھر میں آج یوم شہدائے کشمیر انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری شہدا کے لہو کا ایک قطرہ معاف کیا جائے گا اور نہ ہی فراموش۔ یوم شہدائے کشمیر پر پاکستان کی مسلح افواج شہدائے کشمیر اور نہتے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا دہائیوں سے جاری بھارتی مظالم ناقابل تسخیر جذبے اور جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہے ہیں۔ انشااللہ کامیابی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ یوم شہدائے کشمیر بہادر کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے یوم شہدائے کشمیر پر اپنے جاری بیان میں کہا کہ 13 جولائی 1931 کے دن ریاست جموں و کشمیر کی عوام مہاراجہ کے ظلم و ستم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے تھے۔ مقبوضہ حصہ کی آزادی کی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شروع میں مساجد اور قرآن پاک کی بے حرمتی کی جا رہی تھی۔ زمین کی ملکیت پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ حکومت کی طرف سے نافذ کردہ محصولات آسمان کی بلندیوں کو چھو رہے تھے اور حکمرانوں کی جبر و ظلم کے خلاف کسی بھی شخص کو آوا ز اُٹھانے کی اجازت نہیں تھی۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج کے دن نے وادی کشمیر کی سیاست پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور پہلی بار کشمیریوں نے اپنی آزادی اور حقوق کے لیے نعرہ مستانہ بلند کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے، عمران خان

انہوں نے یوم شہدائے کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ لاکھوں کشمیری شہید ہو چکے ہیں لیکن یہ جدوجہد جاری ہے، ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں آج بھی بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ قابض فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان شہید ہو گیا جبکہ سینیئر حریت رہنما اشرف صحرائی کو گرفتار کر لیا گیا۔


متعلقہ خبریں