آصف زرداری نے کلفٹن کراچی کا گھر کرپشن سے بنایا، نیب کا الزام

Asif Ali Zardari

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ٹھوس شواہد ہیں کہ آصف علی زرداری نے کلفٹن کراچی کا گھر کرپشن سے بنایا۔

جعلی اکاوَنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کا کلفٹن کراچی کا گھر منجمد کرنے پر نیب نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا۔نیب نے 8 ارب روپے کی مشتبہ ٹرانزیکشن پر جواب احتساب عدالت اسلام آباد میں جمع کرایا۔

نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمارے پاس ٹھوس شواہد ہیں کہ آصف علی زرداری نے کلفٹن کراچی کا گھر کرپشن سے بنایا ہے اور کلفٹن کراچی گھر کی خریداری کے لیے آصف علی زرداری کے اسٹینو گرافر نے رقم دی۔

اسٹینو گرافر مشتاق کے اکاوَنٹ سے گھر کی خریداری کے لیے 15 کروڑ روپے ادا کیے گئے۔

نیب کے مطابق آصف علی زرداری کو کلفٹن کراچی کے گھر کا سوالنامہ دیا گیا جس کا کوئی جواب نہ دیا گیا۔

نیب اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس کے کیس کی سماعت بھی جاری ہے جس کا فیصلہ 6 جولائی کو سنایا جانا تھا تاہم وہ مؤخر کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پارک لین کیس، آصف زرداری پر الزامات کیا ہیں؟

پارک لین ریفرنس میں آصف علی زرداری پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے قومی خزانے کو 3 ارب 77 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ریفرنس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر عثمان سیف اللہ، انور سیف اللہ اور سلیم سیف اللہ سمیت دیگر ملزم نامزد ہیں۔


متعلقہ خبریں