ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں جانوروں کو خریداروں کا انتظار

ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں جانوروں کو خریداروں کا انتظار

فائل فوٹو


عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی ملک کے مختلف شہروں میں مویشی منڈیاں سجنا شروع ہو گئی ہیں۔

کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگ گئی ہے جہاں ملک کے بھر سے طرح طرح  کے جانور فروخت کیلئے لائے گئے ہیں۔

رواں برس مویشی منڈی میں تاحال تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد گائے، بیل اور آٹھ ہزار سے زائد بکرے لائے جا چکے ہیں۔ منڈی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سال چھ لاکھ جانور فروخت کے لئے منڈی میں لائے جائیں گے۔

منڈی قائم ہوئے بیس روز سے زائد گزرجانے کے باوجود بھی خریداری کی شرح گذشتہ سال کی نسبت نہ ہونے کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور شہر میں مویشی منڈیاں لگانے پر پابندی عائد

ہم نیوز کے نمائندہ مونس سراج کے مطابق بڑھتی مہنگائی اور کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی عدم استحکام کے باعث منڈی میں اب تک خریداری کا رجحان ماضی کی نسبت خاصا کم ہے۔

چند شہری جو مویشی منڈی میں گھومتے پھرتے نظر آرہے ہیں وہ بھی جانوروں کی قیمتیں سن کر محض ونڈو شاپنگ پر ہی اکتفا کئے ہوئے ہیں۔

منڈی میں موجود اکا دکا خریداروں سے جب ہم نیوز نے بات کی تو معلوم ہوا کہ گاہک بیوپاریوں سے کئی گنا زائد قیمت طلب کرنے کا شکوہ کر رہے ہیں اور بیوپاری حضرات شہریوں کو جانور کی قدروقیمت سے نابلد قراردیتے ہیں۔

بیوپاری حضرات پرامید ہیں کہ انہیں عید سے قبل مویشیوں کےمناسب دام مل جائیں گے جبکہ شہری یہ امید لگائے بیٹھے ہیں کہ انہیں اپنی جیب اور گنجائش کے مطابق من پسند جانور عید سے پہلے مل ہی جائے گا۔

شہریوں کا مؤقف ہے کہ جانوروں کی قیمتیں کنٹرول میں رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ نمود و نمائش کے بجائے اس کو مذہبی فریضہ سمجھا جائے اورحکومت جانوروں کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنےکے لیے میکنزم ترتیب دے۔


متعلقہ خبریں