عمران خان کا وزیراعظم رہنا ہر پاکستانی کی زندگی کیلئے خطرہ ہے، بلاول


کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کا مزید وزیراعظم رہنا جمہوریت، معیشت اور ہر پاکستانی کی زندگی کیلیے خطرہ ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے ریکارڈ توڑ رہے ہیں، کب تک اس نااہل حکومت کو برداشت کرتے رہیں گے۔

بلاول نے عمران خان نے کشمیریوں کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے مسئلہ پر اتحاد قائم کرنے میں ناکام رہے۔ کشمیر کے لوگ کورونا سے پہلے سے لاک ڈاوَن میں ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے کشمیر کاز اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایاہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کشمیر کےمعاملے پر پیپلزپارٹی نے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا۔ اقوام متحدہ میں آج بھی ذوالفقار علی بھٹو کی تقریر کو یاد کیا جاتا ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہر فورم پر کشمیریوں کا کیس لڑا پیپلزپارٹی پہلے دن سے نریندرمودی کی مخالفت کررہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ہر کسان کی فصل آج ٹڈیوں کی وجہ سے خطرےمیں ہے۔ جب مزیدفنڈز اور وسائل دینے چاہیےتھے تو وفاق کم فنڈز اور وسائل دے رہاہے۔ آج ہر کسان کی فصل ٹڈیوں کی وجہ سے خطرےمیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایک عوامی بجٹ پیش کیا ہے۔ ہم نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس کے لیے مراعات رکھے ہیں۔ کسانوں کی فصلیں خطرے میں ہیں، ان کیلئے بھی رعایتیں رکھی ہیں۔ اسمال اور میڈیم بزنس کو قرض دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ غریب کسانوں کیلئے سبسڈی دی جائے گی۔ کسانوں کو بیج کی خریداری اور کھاد میں سبسڈی دیں گے۔ جن علاقوں میں پانی کی کمی ہے وہاں بھی سبسڈی دی جائیگی۔ کسانوں کے لیے سولر ٹیوب ویل لگا رہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ  کورونا سے جتنے لوگ متاثر اور انتقال کرجائیں گےمعیشت کا اتنا ہی نقصان ہوگا۔ آج کئی لوگ بیروز گار ہورہےہیں۔اگر لاک ڈاؤن میں کوئی بیروزگار ہوجاتا ہے تو بجٹ میں ایسے گھرانوں کی سپورٹ کیلیے بجٹ میں حصہ رکھاہے۔

بلاول نے کہا کہ ٹیسٹنگ کم کریں گے تو کورونا کا گراف نیچے ہی جائیگا جس کا زیادہ نقصان ہوگا۔ سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ صلاحیت میں اضافہ کرتے رہیں گے۔ جو لوگ ہم پربیڈ گورننس کا الزام لگاتے تھے آج موازنہ کرلیں۔ سندھ میں کورونا کی ٹیسٹنگ صلاحیت تمام صوبوں سے زیادہ ہے۔ کم وسائل ، مشکلات کے باوجود عوام کی خدمت کیلیے پُرعزم ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں آئی سی یوز اور ایچ ڈی یوز کی تعداد بھی زیادہ ہے۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے رسک الاوَنس کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جہاں حکومت ہے وہاں جان بوجھ کرٹیسٹنگ کم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بہت مشکلات کا سامنا کررہےہیں۔ وبائی امراض کے لیے پورے سندھ میں اسپتال بنائیں گے۔  این آئی سی وی ڈی کی طرز کے اسپتال پورے سندھ میں بنائیں گے۔ پوری دنیا ہمیں ٹیسٹنگ کا کہہ رہی ہے، اور وفاق یہ نظر انداز کررہاہے

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی سیکیورٹی کیلئے قانون سازی پر کام ہورہاہے۔ ڈاکٹرزکو صرف سلوٹ نہیں عملی اقدام کرکے دکھایا جائے کہ حکومت ان کیساتھ ہے۔ حکومت عوام کو ہرفورم پر لاوارث چھوڑ رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت لوگوں کی زندگیوں کو خطرےمیں ڈال رہی ہے۔ پی ٹی آئی جان بوجھ کر ٹیسٹنگ صلاحیت کم کرکے عوام کو بےوقوف بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشرف کا پہلا این آر او عمران خان کے لیے تھا۔ ہم معاشی بحران ،سیاسی انجینئرنگ اور ہرفورم پر لڑنے کو تیارہیں۔ہمارے پاس ٹیکس کی جمع کا طریقہ کار ہے۔  پیپلزپارٹی وفاق میں ہو یا صوبےمیں ہو ہم نے ٹیکس کلیکشن میں اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے کرپٹ ترین حکومت ہے۔ عمران خان کے والد کرپشن کی وجہ سے نکالے گئے۔ مشرف کی ایمنسٹی اسکیم سے عمران خان نے فائدہ لیاہے۔ علیمہ خان کوآپ بھول گئے،سلائی مشین سے نیویارک میں عمارتیں کھڑی ہورہی ہیں۔

مزید پڑھیں: شہبازشریف کا بلاول بھٹو کو ٹیلی فون، اے پی سی کے انعقاد پر مشاورت

بلاول بھٹو نے کہا کہ حج میں کرپشن ،پی آئی اے میں کرپشن کرکے قومی ائیرلائن  کو بیٹھا دیاہے۔ حکومت کے ہر وزیر پر کرپشن کا الزام ہے اور نیب خاموش ہے۔ جعلی ڈگری رکھنے والے وزیر کے غلط الزام نے پی آئی اے کو بیٹھا دیا۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور سے عمران خان کا کچن اور پی آر مہم چل رہی ہے۔ شوگر، آٹے پر کرپشن ، ہر پاکستانی کےگھر ڈاکا سب خاموش ہیں۔ خیبرپختونخوامیں کرپشن کے رکارڈ ٹوٹ گئے، فارن فنڈنگ میں کرپشن سے متعلق اکبر ایس بابر کہہ کہہ کر تھک گیا لیکن نیب چپ ہے۔ بی آر ٹی منصوبہ کرپشن کاسفید ہاتھی ہے۔ علیم خان کی منی ٹریل کہا ں ہے؟ ۔ پوسٹ آفس اورریلوےمیں کتنی کرپشن ہورہی ہے، انہوں نے کرپشن کے رکارڈ توڑ دیے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ عوام معاشی بحران اوروبا کی صورتحال سے گزررہےہیں۔ ابراج گروپ اور عارف نقوی عمران خان کے اے ٹی ایم ہیں۔ ابراج گروپ کے خلاف ایف آئی اے کی رپورٹ دبا دی گئی۔ عارف نقوی نے گرفتاری کے وقت عمران خان اور عارف علوی کو فون کیا۔ کراچی میں بجلی آتی نہیں اور بنی گالہ سے بجلی جاتی نہیں۔ کراچی کے عوام کو گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ برداشت کرنا پڑتی ہے۔
پی ٹی آئی کے مک مکا کی وجہ سے کراچی کا خون چوسا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ نیب اور وفاقی ادارے کرپشن کیلیے سہولت کاری کا کردار ادا کررہے ہیں۔ ان کوحکومت اورسیاست کرنا نہیں آتی، عوام کو ریلیف دینا بھی نہیں آتا۔ میں نے پی ٹی آئی حکومت کوچیلنج کیاتھا، آج تک یہ ہرچیلنج سےبھاگتے ہیں۔ چیلنج دیاتھا،این آئی سی وی ڈی کے مقابلہ میں اگرایک اسپتال بنایاہوتودکھائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا ک قومی اسمبلی فلور پر وزیراعظم عمران خان کو ٹی وی پرپبلک بحث کاچیلنج دیاتھا۔ علی زیدی کافرنٹ مین بی آرٹی کاکنٹریکٹرہے۔ ہم نےہرفورم پرحکومت کوٹف ٹائم دیاہے۔ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ  مولانافضل الرحمان نے سابق صدر زرداری سے بھی ملاقات کی۔ شہبازشریف کی صحتیابی کےبعد اے پی سی اجلاس بلائیں گے۔ غیرجمہوری کوشش کاحصہ نہیں بنیں گے،آئینی جدوجہدجاری رکھیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مجبور کیا گیاتو کورونا ہویا نہ ہواسلام آباد جائیں گے اور ان کو باہر نکالیں گے۔ حکومت کی غیرسنجیدگی کی وجہ سےلوگوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔ جے آئی ٹی تحریک انصاف کے گلے میں پڑ گئی ہے سب سامنے آگیا کون کس کی حمایت کررہاتھا۔ تحریک انصاف کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ لوگ اپنےمسائل کاحل چاہتےہیں۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ  تحریک انصاف کی حکومت میں فارن پالیسی کو تباہ کردیاگیا۔ تحریک انصاف کی حکومت سمجھ سےبالاترہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی مائنس ون کی بات نہیں کی۔ مائنس ون کی بات وزیراعظم عمران خان نے کی۔ مائنس ون ہو یا مائنس آل لیکن جمہوریت مائنس نہیں ہوگی۔


متعلقہ خبریں