روحی رئیس خان سوئی ناردرن گیس بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن منتخب


اسلام آباد: روحی رئیس خان سوئی ناردرن گیس بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن منتخب ہوگئیں۔

جاری پری ریلیز کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے آج کو کمپنی ہیڈ آفس میں منعقد ہونے والے اجلاس میں روحی رئیس خان کو سوئی ناردرن گیس بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرپرسن منتخب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ 3 جولائی کو منعقدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات میں گیارہ ڈائریکٹرز منتخب ہوئے تھے۔ نومنتخب ڈائریکٹرز نے آج منعقدہ اجلاس میں روحی رئیس خان کو تین سال کی مدت کے لیے چیئرپرسن منتخب کرلیا۔

اس سے قبل روحی رئیس نومبر2019ء میں سیددلاور عباس کے انتقال کے بعد سوئی ناردرن گیس کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیرپرسن منتخب ہوئی تھیں۔ روحی رئیس خان کو سوئی ناردرن بورڈ کی پہلی خاتون چیئرپرسن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

اس سے پہلے وہ پکک اور لاہور اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی بھی پہلی خاتون ڈائریکٹر رہنے کے علاوہ چند مالیاتی اداروں کی پہلی خاتون سربراہ رہ چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: سوئی ناردرن گیس کمپنی نےڈیمانڈ نوٹس جاری کرنا شروع کردیئے

انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی سے ایم بی اے اور پنجاب یونیورسٹی سے معاشیات اور ریاضی میں گریجویشن ڈگری کی حامل محترمہ روحی رئیس خان کو مختلف مالیاتی اداروں کے بورڈز میں ڈائریکٹرشپ کے علاوہ بحیثیت چیف ایگزیکٹو،چیف آپریٹنگ آفیسر،مختلف سینیئر انتظامی عہدوں پر پندرہ برس سے زائد عرصے کا تجربہ حاصل ہے۔

اس کے علاوہ انہیں مالیاتی شعبے میں 35برس سے زائد کا تجربہ ہے جس کی وجہ سے مختلف صنعتی شعبوں کے ساتھ ان کا گہرا تعلق رہا ہے۔ روحی رئیس خان لیزنگ، ہاؤسنگ اور بینکنگ کے شعبوں میں مختلف بورڈ زکی بھی نمائندگی کرچکی ہیں۔

وہ گروپ ہیڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے مختلف اداروں میں سینیئر انتظامی پوزیشنز پر بھی ذمہ داریاں اداکرچکی ہیں۔

روحی خان 2011-2012 کے دوران زرعی ترقیاتی بینک کی قائم مقام صدر بھی رہی ہیں۔ پیشہ وارانہ اعتبار سے محترمہ روحی رئیس خان انتظامی اور بورڈ معاملات کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔


متعلقہ خبریں