کراچی میں بجلی کا بحران: ایم کیو ایم پاکستان نے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر کیمپ لگادیا


اسلام آباد: متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے ارکان اسمبلی نے کراچی میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کے الیکٹرک کے خلاف اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوس کے باہر مظاہرہ کیا اور احتجاجی کیمپ لگادیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مظاہرے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے  پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی، جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی، وفاقی وزیرامین الحق اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما غوث بخش مہر نے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔

اس موقع پر رہنماجی ڈی اےغوث بخش مہر نے کہا کہ کراچی کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آیا ہوں۔ کراچی سب کا شہر ہے جو اس وقت مشکلات کا شکار ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ایم کیو ایم پاکستان نے احتجاجی کیمپ لگا دیا ہے، جس میں بلوچستان سے منتخب نمائندے اسلم بھوتانی نے بھی شرکت کی۔ 

میئر وسیم اختر اور کراچی کے بلدیاتی نمائندوں نے بھی احتجاجی کیمپ میں شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے سب سراپا احتجاج ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے  کے الیکٹرک نے آج بن قاسم پاور پلانٹ کا ایک یونٹ بند کر دیا ، جس سے 130 میگا واٹ بجلی کی پیداوار رک گئی۔ کے الیکٹرک نے شہر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کل سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا اعلان

بجلی کا شارٹ فال پورا کرنے کے لیے کراچی کے کئی علاقوں میں پہلے ہی 6 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

کراچی میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی طلب 3 ہزار ایک سو میگاواٹ تک پہنچ گئی اور بجلی کی طلب و رسد کا فرق  250 میگا واٹ رہ گیا ہے جسے پورا کرنے کے لیے چھ سے آٹھ گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیدنگ کی جا رہی ہے۔

ہم نیوز کےاعلانیہ لوڈشیڈنگ سے سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، لیاقت آباد، لانڈھی، کورنگی اور لیاری کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں کچھ دیر کے لیے لوڈشیڈنگ کی جائے گی اور اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ادارے کو فرنس آئل کی فراہمی آج سے شروع ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ہفتے کو پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ کل سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی لیکن اب بھی کراچی میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں