سونے کی فی تولہ قیمت میں 350 روپے کی کمی

سونا

کراچی: کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 350 روپے کی کمی آئی ہے۔

آل پاکستان صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 350 روپے کی کمی کے بعد ایک لاکھ 8 ہزار900 روپے ہو گئی ہے۔

اس کے علاوہ 10 گرام سونےکی قیمت 300 روپےکمی کے بعد 93 ہزار 664 روپے ہو گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے دوران ملا جُلا رجحان رہا تاہم کاروبار کا اختتام مثبت رجحان پر ہوا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کے آغاز پر ملا جلا رجحان رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز 36 ہزار 618 پوائنٹس پر ہوا۔ کاروبار کے ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران 84 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 36 ہزار 534 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا تاہم یہ کمی عارضی ثابت ہوئی۔

جلد ہی کاروبار مثبت زون میں ٹریڈ کرنے لگا اور کاروبار کے ابتدائی ایک گھنٹے کے اختتام پر 167 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 36 ہزار 785 کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

بعد ازان اسٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس میں 126 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور کاروبار کا اختتام 36,745.22 کی سطح پر ہوا۔

آج کاروبار کے دوران 323,235,102 حصص کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 14,646,016,685 بنتی ہے۔

دو روز قبل معاشی تھنک ٹینک کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا نے پاکستان سمیت عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی وبا سے عوام کا تحفظ اور اقتصادی سرگرمیوں کے درمیان توازن ہے۔ معاشرے کے انتہائی پسماندہ طبقات کو امداد کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے حکومت کا احساس پروگرام کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انتہائی مستحق افراد کی مدد کے لیے احساس پروگرام میں توسیع کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں