کراچی: ایف آئی اے کا مکان پر چھاپہ، ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد

فوٹو: فائل


کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ نے کراچی کے علاقے  گلزار ہجری میں مکان پرچھاپہ مار کر ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد  کرلی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپہ حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم محمد نقش کے گھر پر ماراگیا۔ چھاپے کے دوران چیک بکس، کیش کاؤنٹنگ مشین، لیپ ٹاپ اور موبائل فونز بھی برآمد ہوئے۔

ترجمان کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے حوالہ اور ہنڈی کیلئے میسجز ملے ہیں۔ ملزم کے موبائل فون سے کم از کم 2 کروڑ روپے کے حوالہ ہنڈی کی گئی رقم کے پیغامات ملے۔

خیال رہے کہ 27 جون کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے امریکہ کو مطلوب 2 ملزمان گرفتار کرلیے تھے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا تھا کہ دونوں ملزمان نے نیویارک کے ایک بینک میں مسلح ڈکیتی کی تھی۔ امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی نے دونوں ملزموں کی گرفتار ی پر30 ہزار ڈالر انعام مقرر کررکھا تھا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ملزموں کو لاہور سے واردات کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ 31 سالہ وقار گھمن نیو یارک میں ٹرک ڈرائیور تھا، جبکہ 35سالہ محسن ضمیرآئی ٹی اسپیشلسٹ ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے  نے کہا تھا کہ دونوں ملزمان کو لاہور میں ایک بینک میں جعلسازی کرتے ہوئے پکڑ اگیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایف آئی اے سائبر کرائم راوالپنڈی نے مفت پتنگوں کا لالچ دیکر معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے اور اس کی ویڈیوز بنانے والا شخص گرفتار کر لیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایف آئی اے کو سنتھیا رچی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم

ایف آئی اے حکام نے کہا تھا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں ایک گروہ بچوں کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنا کر ان کو بلیک میل کر کے ان کے ساتھ زیادتی کرتا تھا، جس پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے قیصر عرف فیصل بھٹی نامی شخص کو گرفتار کر لیا تھا۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھاکہ اس نیٹ ورک میں دیگر ملزمان بھی شامل ہیں جنہیں یہ بیرون ممالک میں ویڈیوز بھجواتا ہے جو پورنوگرافی میں استعمال ہوتی ہیں۔


متعلقہ خبریں