پنجاب: لاک ڈاؤن میں15روز کی توسیع



لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے میں لاک ڈاؤن میں پندرہ روز کی توسیع کرتے ہوئے اس کی مدت تیس جولائی تک بڑھا دی ہے۔

تیس جولائی2020 تک تعلیمی ادارے، ہوٹلز اور شادی ہالز بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی اجتماعات پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن (ر)محمد عثمان کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق30 جولائی تک تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے 2ہزار165نئے کیسز رپورٹ

سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اکٹھ کی اجازت نہیں ہو گی۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا جو 30جولائی تک نافذ العمل رہے گا۔ سمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں کی تواریخ متعلقہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہوں گی۔ کھانے پینے کی اشیا اور کریانہ اسٹور صبح 9 سے شام 7 تک، ہفتہ بھر کھلے رہیں گے جب کہ تمام چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیےکھلے رہیں گے۔

اس سے قبل 30 جون کو پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے 15 جولائی تک کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 88 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جب کہ 2 ہزار 43 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 15 مارچ کو سامنے آیا اور پانچ دن بعد 20 مارچ کو کیسز کی تعداد 104 ہو گئی ۔ پہلے 5 ہزار کیسز تک پہنچنے میں 40 دن لگے اور اگلے 5 ہزار کیسز صرف 14 دن میں سامنے آئے۔

پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچنے میں 19 دن لگے اور 3 اپریل کو تعداد 1072 ہو گئی جبکہ 24 اپریل کو پنجاب میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 5 ہزار 46 ہو گئی۔

صوبے میں اگلے پانچ ہزار کیسز کی صرف 14 روز میں تصدیق ہوئی اور 8 مئی کو کورونا کیسز کی تعداد 10 ہزار 33 ہو گئی۔


متعلقہ خبریں