بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپرسیل کا اہم رکن کراچی سے گرفتار



کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیل کا اہم رکن گرفتار کرلیا ہے۔

ملزم ظفر فائربریگیڈ میں سرکاری ملازمت بھی کرتا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم ظفر کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے جب کہ بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہا ہے۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے بھارت میں چودہ  ماہ دہشت گردی کی تربیت لی۔ گرفتار ملزم بم بنانے اور جدید ہتھیار چلانے کا ماہر ہے۔

ذرائع کے مطابق را سلیپر سیل کو فنڈز فراہم کرنے والے منی ایکسچینج کمپنی کے دو ملازمین بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ حوالہ ہنڈی کے ذریعے ملک دشمن عناصر کو رقم فراہم کی جا رہی تھی، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تفصیلات ملک کے تمام ایئرپورٹس پر فراہم کردی گئی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں۔

اس سے قبل بھی قائد اعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سرویلنس یونٹ میں ڈیوٹی کرنے والے سلیپر سیل کے ایک  اہم رکن کو ایف آئی اے نے کراچی سے گرفتار کیا تھا۔

گزشتہ 2 ماہ قبل ایف آئی اے کی لگاتار دوسری کامیابی ہے۔ اس سے چند روز قبل کراچی میں ہی ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ نے اہم کارروائی کرتے ہوے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیل کے رکن کو گرفتار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں