عمران خان کے مخالف ضرور ہیں، دشمن نہیں، خرم دستگیر



اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کے مخالف ضرور ہیں لیکن دشمن نہیں ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ پاکستان ٹونائٹ‘ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دیا مربھاشا ڈیم کا آج تیسری بار افتتاح ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ڈیم کا پہلے مشرف دور میں افتتاح کیا گیا پھر پی پی دور میں افتتاح ہوا لیکن پیشرفت نہیں ہوئی۔

لیگی رہنما نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دیا مربھاشا ڈیم کے لیے زمین مسلم لیگ ن کے دور میں خریدی گئی، وزیراعظم جس منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں وہ ن لیگ کے دور میں شروع  کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کواعتراف کرناچاہیےکہ ن لیگ نےان منصوبوں کیلئےکام کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے دیگرصوبوں میں بھی کام کیا، لواری ٹنل اور دیگر منصوبے اس کا ثبوت ہیں۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ہم بہت جلد حکومت کے خلاف نیب میں جائیں گے، وزیراعلیٰ محمودخان نے چیلنج تو دیا ہے لیکن خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن بند ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا کہ دیامربھاشا ڈیم کے افتتاح پرقوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، نوازشریف دور میں اس منصوبے پر سنجیدگی سے کام نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ قوم نے نوازشریف کو موقع دیا لیکن انہوں نےخود کو صرف پنجاب تک محدود رکھا۔


متعلقہ خبریں