اہم شخصیات اور اداروں کےٹوئٹراکاؤنٹس ہیک



دنیا کی اہم شخصیات اور اداروں کے ٹوئٹراکاؤنٹس ہیک ہوگئے ہیں۔

دنیا کے امیرترین شخص بل گیٹس، سابق امریکی صدرباراک اوباما، مائیک بلوم برگ، امیرترین شخص جیف بیزوس، امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن، ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اور اوبر کا اکاؤنٹ ہیک کیا گیا ہے۔

ہیک اکاؤنٹس پرصارفین کو بٹ کوائن ڈبل کرنے کے بارے میں ٹوئٹ کرکے جھانسہ دیا گیا تھا۔ ٹوئٹر کی جانب سے ہیک اکاؤنٹس  کی ٹویٹ ڈیلیٹ کردی گئی ہیں۔

سب سے پہلے دنیا کے امیرترین شخص اور کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوا جہاں سے ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن اسکینڈل کے متعلق ٹوئٹ ہوئی۔

چند لمحوں بعد مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس کا اکاؤنٹ ہیک ہوا اور اس میں بٹ کوئن والٹ کا ایڈریس تھا۔ دونوں اکاؤنٹس سے بیک وقت اتنی ہی رفتارسے ٹوئٹ کیے جارہے تھے جتنی رفتار سے ڈیلیٹ کیا جا رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے سے کیسے بچائیں؟

ایلون مسک اور بل گیٹس کے اکاؤنٹس سے ٹوئٹ ہوتے ہی سابق امریکی صدرباراک اوباما، مائیک بلوم برگ،امیر ترین شخص جیف بیزوس، امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن، ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اور کاریں کرائے پر دینے والی کمپنی اوبر کا اکاؤنٹ ہیک ہوا۔

انتظامیہ نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ اکاؤنٹ ہیک ہونے سے آگاہ ہیں، مسئلے پر قابو پانے اور معاملے کی تحقیقات کیلئے کام کر رہے ہیں بہت جلد صارفین کو آگاہ کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بٹ کوائن سکیمر نے ہیکنگ سے ایک لاکھ  دس ہزار ڈالرنامور اکاؤنٹس کے ذریعے بٹورے ہیں۔

تاحال معلوم نہیں ہوسکا کہ سیکیورٹی میں کہاں نقص تھا۔ ٹوئٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ جب تک مسئلہ حل نہیں ہوتا صارفین کو پاسورڈ تبدیل کرنے اور ٹوئٹ کرنے  میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

جو اکاؤنٹس ہیک ہوئے ہیں اصل مالکان کی ان تک رسائی مسدود کردی گئی ہے اور مسئلہ حل ہونے کے بعد بحال کردیا جائے گا۔ زیادہ تر اکاؤنٹس دوبارہ ٹوئٹس کرنے کے قابل ہوں گے اور اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے کام جاری ہے۔

ماہر سائبرسیکیورٹی خواجہ علی نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اکاؤنٹ کوہیک کرنے کے لیے ہیکرزایکٹیو رہتے ہیں۔ معروف شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ہیکرز سے محفوظ نہیں ہیں۔

ماہرسائبرسیکیورٹی کا کہنا تھا کہ اکاؤنٹ بناتے وقت ویری فکیشن کے لیے اضافی معلومات دینے سے گریز کیا جائے۔ دنیا جتنی ڈیجٹلائز ہوگی اتنی ہی غیر محفوظ ہوگی۔ جب بھی کوئی اکاؤنٹ بنانا ہوتو مضبوط پاسورڈ لگا کر بنائیں۔ اکاؤنٹ بناتے وقت صرف ضروری معلومات ہی دینی چاہیے۔ گھر کاپتہ اور دیگر حساس معلومات دینے سے اجتناب کیا جائے۔


متعلقہ خبریں