مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کو شہید کیا جارہا ہے، پاکستان


اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی فوج جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاوَن سے کشمیریوں کو مشکلات کاسامناہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کانوٹس لے۔ عالمی میڈیا کو بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ کورونا کے باعث بیرون ملک سے پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی طرف سے بیرون ملک سے آئے پاکستانیوں کے ساتھ تعاون کیاجارہاہے۔

مزید پڑھیں: فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی، بھارتی سفارت کار کی دفتر خارجہ طلبی

انہوں نے کہا کہ بھارت نے عالمی عدالت سے کلبھوشن کی رہائی کے لیے رابطہ کیا ہے۔ کلبھوشن یادیو کو 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارت کلبھوشن کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کر سکتا ہے۔ توقع ہے بھارت تاخیری حربے استعمال نہیں کرے گا۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ  7 جولائی کو افغانستان پاکستان چین سہ فریقی مزاکرات ہوئے۔ سیکریٹری خارجہ امور نے 7 جولائی کو ہی ہسپانوی ہم منصب سے رابطہ کیا۔

گزشتہ ہفتے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پابندیوں اور غیر قانونی کارروائیوں کو 10 ماہ ہو گئے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنے کے لیے ظلم وستم کی ہر کوشش جاری رکھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت جعلی پولیس مقابلوں اور کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل عام میں مصروف ہے جبکہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم بی جے پی، آر ایس ایس سے متاثر انتہا پسند ہندوتوا ذہنیت کا نتیجہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ بھارت انسانیت کے خلاف جرائم کی پاداش میں عالمی برادری کو جوابدہ ہے۔ بھارت کوسمجھنا چاہیے کہ وہ 7 دہائیوں سے کشمیریوں کو محکوم بنانے میں ناکام رہا ہے اور اسے آئندہ بھی اپنے عزائم میں ناکامی کا سامنا ہو گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت جتنا کشمیری عوام پر ظلم کرتا ہے اتنا ہی کشمیری عوام کا عزم مضبوط ہوتا ہے۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔


متعلقہ خبریں