پردے کے پیچھے این آر او جاری ہے، شیخ رشید احمد


رحیم یارخان: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد  نےکہا  ہے کہ نوازشریف جیل جانے والے پہلے سیاستدان نہیں ہوں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کا کوئی سیاستدان ایسا نہیں ہے جو گیٹ نمبر چار کی پیداوار نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ووٹ کو عزت دینے کی بات کررہے ہیں لیکن ان کے ہاتھوں ووٹ جتنا ذلیل ہوا ہے اتنا تو برصغیر کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پردے کے پیچھے این آر او جاری ہے اور سب ایم این اے بھیڑ بکریاں ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی میں جتنی مرتبہ میرا مائیک بند کیا گیا اتنا کسی اور کا نہیں ہوا ہو گا،  میرے علاوہ کوئی اور بولتا نہیں ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ اڈیالہ جیل شہباز شریف کے ’انڈر‘ آتی ہے وہی جیل کی صفائی کروارہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ شریف برادران کی چودھراہٹ ختم کی جائے یہ جمہویت نہیں قبضہ گروپ ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ فوج اور عدلیہ کے خلاف جو زبان استعمال ہورہی ہے، وہ کسی ملک میں نہیں ہوتی۔

شیخ رشید احمد نے الزام عائد کیا کہ اتنی کرپشن ہوئی کہ سی پیک پر کام رک گیا، چھوٹی عمر میں نواز شریف کے بچے ارب پتی بن گئے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ جہاں ججز کے گھر پر فائرنگ ہو وہاں غریب کی بیٹی کیسے محفوظ رہ سکتی ہے؟

ملکی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل فورسز ملک کو اندر سے تباہ کرنا چاہتی ہیں۔

شیخ رشید احمد نےصوبہ جنوبی پنجاب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مزید انتظامی صوبے ہونے چاہیئں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے واضح کیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور ان کی پارٹی پی ٹی آئی کے ساتھ  مل کر الیکشن لڑے گی۔


متعلقہ خبریں