تھیٹر کے معروف اداکار البیلا کی16ویں برسی‌

تھیٹر کے معروف اداکار البیلا کی16ویں برسی‌

فائل فوٹو


لاہور: جاندار اداکاری اور مکالموں کے مخصوص انداز سے مزاح میں روح پھونک دینے والے معروف کامیڈین اختر حسین عرف البیلا کی آج سولہویں برسی منائی جا رہی ہے۔

اپنے برجستہ فقروں سے محفل لوٹ لینے والے البیلا دو ہزار چار میں حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

ہر انداز نرالا، ہر وصف جدا رکھنے والے نامور کامیڈین اختر حسین عرف البیلا کا جنم انیس سو اکتالیس میں گوجرہ میں ہوا۔ انہوں نے انیس سو ستر میں اداکاری کا آغاز کیا اور منفرد ایکٹنگ اور مکالموں سے اپنی الگ شناخت بنائی۔

ساتھی فنکار امان اللہ اور انکی جوڑی اسٹیج ڈراموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی تھی۔

البیلا پنجاب کے روایتی مزاحیہ تھیٹر کے بانیوں میں سے تھے۔ انہوں نے اپنے ہونہار جونیئر امان اللہ کے ساتھ مل کر تھیٹر کو اتنا مقبول کردیا کہ یہ باقاعدہ ایک انڈسٹری بن گیا۔

ان کا مخصوص انداز تکلم اور مکالموں کی اچھوتی ادائیگی کے ذریعے مزاح تخلیق کرنے کا وصف کسی اور کے حصے میں نہیں آیا۔

البیلا نے مجموعی طور پر دو سو پندرہ فلموں میں کام کیا۔ جن میں شہید، عشق نچاوے گلی گلی، بڑے میاں دیوانے، تیس مار خاں، انسانیت کے دشمن، دل لگی اور ہوشیار نے کھڑکی توڑ بزنس کیا۔  فلم رشتہ میں البیلا کا کردار تو چھوٹا سا تھا مگر اس نے اختر حسین کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

یہ عظیم فنکار سترہ جولائی دو ہزار چار کو اس دنیائے فانی سے کوچ کر گئے، مگر انکی کھٹی میٹھی باتیں اور ورسٹائل اداکاری آج بھی شائقین کو ہنسا دیتی ہے۔

انہوں نے وطن کو چھوڑکر دیار حبیب میں جا قیام کیا اور کئی سال روضہ رسول اور خانہ کعبہ کے نزدیک رہے، وہ آخری دور میں مذہب اسلام کے مبلغ کی حیثیت اختیار کر گئے تھے۔


متعلقہ خبریں