غیرقانونی مویشی منڈیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، گرفتاریاں ، جرمانے


پشاورمیں عید قرباں پر لگائی گئی غیرقانونی مویشی منڈیوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کریک ڈاؤن کرر ہی ہے اور متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر رضوانہ ڈار کے مطابق کریک ڈاون کے دوران پانچ مویشی منڈیاں سیل کی گئی ہیں اور متعدد افراد گرفتار کرلیے گئے ہیں۔

کارروائی کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر منڈیاں لگانے پر پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ کورونا سے بچاو کے لیے بنائے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی  کسی کو نہیں کرنے دیں گے۔

خیبر پختونخوا کی مویشی منڈیوں میں نو ماسک نو انٹری کی پالیسی لاگوکردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور شہر میں مویشی منڈیاں لگانے پر پابندی عائد

ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے بھی شہر اور نواحی علاقوں میں قائم غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کو ختم کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ طاہرعلی نے ٹی ایم اے عملے کے ہمراہ محمد زئی، ژواکی بانڈہ، میاں گڑھی، نصرت خیل، چکر کوٹ کچہ پخہ اور استرزئی کے علاقوں میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کی۔

انتظامیہ نے عارضی خیموں کو اکھاڑکر قائم غیر قانونی منڈیاں ختم کردیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188کے تحت مقدمات درج کیے ہیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے بھی شہر کے اندر غیر قانونی مویشی منڈیاں ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے گلی محلوں میں قربانی کے جانوروں کی فروخت کے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے لاہور شہر کے اندر غیر قانونی مویشی منڈیاں ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ہدایت دی گئی ہے کہ انتظامیہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرے۔  جانوروں کو شہر سے باہر مویشی منڈیوں میں منتقل کرنے اور عید الضحیٰ کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں