کراچی میں بارش کے 24 گھنٹے بعد بھی نظام زندگی مفلوج، گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ


کراچی: شہر قائد میں ہونے والی تیز بارش نے نظام زندگی مفلوج کر دیا جبکہ طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو دہری اذیت میں مبتلا کر دیا۔

کراچی میں پڑنے والی شدید گرمی کے بعد تیز بارش نے جہاں ایک طرف موسم کو خوشگوار کر دیا وہیں شہریوں کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام شید متاثر ہوا۔ سولجربازار، گارڈن اور لیاری میں بجلی کی فراہمی 16 گھنٹے سے معطل ہے جبکہ ڈیفنس اور کورنگی میں بھی مرمتی کام کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق سب اسٹیشن اور ٹرانسفارمرز کے اطراف پانی جمع ہونے کی وجہ سے مرمتی کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

کے الیکٹرک کے مطابق کراچی میں بجلی کی طلب 3 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ اس وقت کراچی میں طلب اور رسد میں 400 میگاواٹ کا فرق ہے۔

تیز بارش کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے پولیس اہلکار ارشد علی سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے۔

کراچی: گرمی کا 38سالہ ريکارڈ ٹوٹ گيا، پارہ 41 سینٹی گریڈ کو چھوگیا

ہم نیوز کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کے بعد ہونے والی تیز بارش کے نتیجے میں شہرکی بیشتر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں، کئی مقامات پر پول گر گئے ہیں اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں۔ آئی آئی چند ریگر روڈ پر دیوار گرنے سے متعدد گاڑیاں کو شدید نقصان پہنچا۔

کراچی: بارش و بوندا باندی، مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی

ہم نیوز کے مطابق تیز بارش کے نتیجے میں شہر کے انڈر پاسز میں پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے۔

جناح اسپتال میں بھی تیز بارش کے باعث پانی جمع ہو گیا تھا جو ڈاکٹروں سمیت مریضوں کے لیے تکلیف کا سبب بنتا رہا۔ جناح اسپتال کے اولڈ سرجیکل بلاک میں پانی بھر گیا تھا تاہم بعد ازاں اسپتال میں پمپ کے ذریعے پانی کی نکاسی کا انتظام کیا گیا۔

وزیر مینشن میں بابائے قوم قائد اعظم کی جائے پیدائش کے اطراف بھی گھٹنوں گھٹنوں پانی کھڑا ہو گیا تھا جسے 24 گھنٹے بعد بھی نکالا نہ جا سکا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پی اےایف بیس فیصل میں 63.55 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ صدرمیں 41، گلشن حدید اورلانڈھی میں 40،40 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔ یونیورسٹی روڈ پر 16۔ جناح ٹرمینل پر 15، ناظم آباد میں 9 اور پی  اے ایف مسرور بیس میں 5.7 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔

کراچی: مون سون میں بھی لوڈشیڈنگ جاری، عوام بدحال

ہم نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شام کو بھی کراچی میں بارش کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں