پنجاب کے وزیرجنگلی حیات اسد کھوکھر مستعفی



لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب کے وزیرجنگلی حیات اسد کھوکھر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

اسد کھوکھر کو چند ماہ قبل ہی جنگلی حیات کا قلمدان سونپا گیا تھا اور اب وہ مستعفی ہوگئے ہیں۔ اسد کھوکھر نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ وزارت سے خود استعفی دیا، ذاتی وجوہات کی بنا پر فرائض سر انجام نہیں دے سکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیرجنگلی حیات پنجاب اسد کھوکھر کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ چیف سیکریٹری پنجاب کی جانب سے استعفے کی منظوری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اسد کھوکھر 2018 میں لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی چھوڑی گئی صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 168 سے ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوئے تھے۔

ان کو وزیر بنانے پر شدید مخالفت سامنے آئی تھی اور ان کو وزیر بننے کے کئی ماہ بعد بھی پورٹ فولیو نہیں ملا تھا۔ چند ماہ پہلے ہی انہیں جنگلی حیات کا محکمہ ملا تھا اور اب وہ مستعفی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد کھوکھر کی وزارت کا معاملہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے درمیان فٹبال بنا ہوا تھا اور یہ  فیصلہ وزیراعظم نے کرنا تھا۔

اسد کھوکھر بیرون ملک سے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور گزشتہ برس پنجاب حکومت نے انہیں وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل کا چیئرمین لگایا تھا۔

بعد ازاں چیئرمین کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد بھی انہوں نے کہا تھا کہ وہ مصروفیت کے باعث اپنے حلقے کے عوام کو وقت نہیں دے پا رہے۔


متعلقہ خبریں