ٹراؤٹ مچھلی کا کاروبارشدیدمتاثر، فارم بند ہونے کے قریب


پشاور: عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ٹراؤٹ مچھلی کا کاروبار بھی متاثر ہوا ہے۔

ہم نیوز کے نمائندے محمد عثمان کی رپورٹ کے مطابق سوات اور ملاکنڈ  میں ٹراؤٹ مچھلی کے ڈھائی سو فارم بندش کے قریب ہیں۔

موسم گرما میں سیاحوں سے آباد رہنے والی سوات کی خوب صورت وادیاں کورونا اور لاک ڈاؤن کے سبب ویران ہیں۔

جس طرح ہر علاقہ اپنی کسی مخصوص سوغات کی وجہ سے جانا جاتا ہے اسی طرح سوات بھی ٹراؤٹ مچھلی کی افزائش اور خوراک کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے۔

سوات، ملاکنڈ میں دیگر شعبوں کے ساتھ یہاں کی بہترین سوغات ٹراؤٹ مچھلی کا کاروبار بھی متاثر ہوا ہے۔ مارکیٹ اور ریستورانوں کو سپلائی نہ ہونے سے ٹراؤٹ مچھلیاں فارم میں ہی جمع کی جارہی ہیں۔

سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں اس وقت ڈھائی سو ٹراؤٹ فش فارم قائم ہیں۔ مالکان کے مطابق برآمد بند ہونے کے ساتھ ساتھ  بیرون ممالک سے ٹراؤٹ فش خوراک کی درامد بھی رک گئی ہے۔

ہم نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے فارم مالکان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے سبب  ٹراؤٹ مچھلی کے کاروبار سے وابستہ افراد کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔

مالکان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے سارے کاروباراور انڈسٹری پے اثر ہوا ہے خاص کر ہمارے کاروبار پر اور فش فارم  پر زیادہ اثر پڑا ہے کیوں ان فش کا فیڈ سارا باہر ملک سے آتا ہے تو اس وجہ سے کافی اثر پڑا ہے جس سے سارہ  کاروبار خراب ہو چکا ہے۔ وقت پر خوراک کا نہ پہنچنا مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔

مچھلی کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ صورتحال اسی طرح برقرار رہی تو بڑے پیمانے پر ٹراؤٹ مچھلی ضائع ہونے اور اگلے سال ان کی  افزائش نسل نہ ہو نے کا خدشہ  ہے۔


متعلقہ خبریں