شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ


لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاب شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق  بلاول بھٹو نے شہبازشریف کی مزاج پرسی کی اور ان کی صحت کیلئے نیک تمناوَں کا اظہار کیا جبکہ شہبازشریف نے سابق صدر آصف زرداری کی صحت کیلئے خیرسگالی کا پیغام دیا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن کا وفد کل بلاول بھٹو سے لاہور میں ملاقات کرے گا۔

شہبازشریف کا بلاول بھٹو کو ٹیلی فون، اے پی سی کے انعقاد پر مشاورت

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی شہبازشریف اور بلاول بھٹو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں دونوں رہنماوَں نے آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی) کے انعقاد پر مشاورت کی تھی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں اے پی سی کی تاریخ اور اس میں زیرغور آنے والے نکات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

بلاول، بجٹ مسترد کردیا: اپوزیشن کی اے پی سی بلانے کا اعلان

یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو یکسر طور پر مسترد کرتے ہوئے اے پی سی بلانے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پی پی سمیت ملک کی دیگر اپوزیشن جماعتیں پیش کردہ بجٹ پر جلد آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کریں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ان دنوں تاریخی چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہر پاکستانی کی جان خطرے میں ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ 25 برس کے بعد ملک میں ٹڈی دل کا سب سے بڑ احملہ ہماری زراعت، فوڈ سیکیورٹی اور معیشت کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پیش کردہ بجٹ میں ملک کو درپیش خطرات کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں