گیند کو تھوک لگانے پر میچ روک دیا گیا


انگلیند اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میچ کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایمپائر نے کچھ دیر کیلئے کھیل روک دیا۔

میزبان ٹیم انگلینڈ کے کھلاڑی ڈوم سِبلی نے فیلڈنگ کے دوران گیند کو تھوک سے چمکایا تو امپائرز نے کھیل روک دیا۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز ایمپائر نے گیند کو جراثیم کش پیڈ سے صاف کیا اور ٹیم کو وارننگ دی۔

میچ کے دوران تھوک لگائے جانے کی اطلاع پر آن لائن فیلڈ امپائر مائیکل گو اور رچرڈ آئلنگ ورتھ نے ایک ساتھ گیند کا معائنہ کیا۔  ڈوم سِبلی نے تسلیم کیا کہ انہوں نے غیر اختیاری طور پر گیند پر تھوک لگایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ: انگلینڈ کو219 رنز کی برتری

آئی سی سی نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود کرکٹ کی دوبارہ بحالی کے لیے احتیاطی طور پر کچھ رہنما اصول وضع کیے تھے جن میں گیند پر تھوک نہ لگانا بھی شامل ہے۔

ڈوم سِبلی کو غیر دانستہ طور پر کی جانے والی اس غلطی کی سزا تو نہیں دی گئی لیکن آئی سی سی کے قواعد کے مطابق ٹیم کو دو بار انتباہ کیا جائے گا لیکن اگر کسی کھلاڑی نے پھر بھی ایسا کیا تو اس کے اسکور سے 5 رنز منہا کیے جائیں گے۔

سِبلی انگلینڈ کے دوسرے کھلاڑی ہیں جو آئی سی سی کے نئے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں۔

اس سے قبل انگلش فاسٹ بالر جوفرا آرچر ساؤتھمپٹن سے مانچسٹر کے سفر کے دوران بائیو سیکیور قوانین کی خلاف ورزی کر بیٹھے تھے جس پر انہیں ایک میچ کے لیے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔

انگلش بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آرچر سفر کے دوران کچھ دیر کے لیے برائٹن میں واقع اپنے فلیٹ میں رکے تھے۔​

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا ٹیسٹ بائیو سیکور ماحول میں ہو رہا ہے اس لیے کھلاڑیوں کو سختی کے ساتھ رہنما اصولوں پر پابند رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں