یو اے ای کا’ ہوپ پروب مشن‘ مریخ کیلئے روانہ



متحدہ عرب امارات نے تاریخ رقم کرتے ہوئے مشن ہوپ پروب کو مریخ کیلئے روانہ کر دیا ہے۔ یو اے ای عرب دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے مشن مریخ میں بھیجا ہے۔

گلف نیوز کے مطابق جاپانی خلائی مرکز سے مریخ مشن ’ہوپ پروب‘ کو بھیجا گیا ہے۔ یواےای کی خلائی ایجنسی اورمحمدبن راشدخلائی مرکزدبئی نےمشن مریخ کی تیاریاں کی ہیں۔

خلائی جہاز 200دن کے بعد مریخ کے مدار میں پہنچے گا جبکہ اس مشن پر 200 ملین امریکی ڈالر خرچ ہوں گے۔

متحدہ عرب امارات کا مریخ پر جانے والا خلائی مشن ’ہوپ‘ آج جاپان کے تانیگاشیما خلائی اڈے سے روانہ کر دیا گیا ہے اور یہ سات ماہ کے سفر کے بعد مریخ کے مدار میں پہنچے گا۔ اس سے قبل اس کی 15 جولائی کے لیے طے شدہ لانچ کو خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا۔

پچاس کروڑ کلومیٹر طویل سفر کے بعد یہ روبوٹک خلائی جہاز فروری 2021 میں مریخ تک پہنچے گا۔ مریخ پر اس کی آمد متحدہ عرب امارات کے قیام کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر ہوگی۔

ایک اعشاریہ تین ٹن وزنی اس سیٹلائٹ کا نام ہوپ یعنی اُمید ہے اور اسے جاپان کے ایک دور دراز خلائی اڈے تانیگاشیما سے ایک ایچ ٹو اے راکٹ کے ذریعے لانچ کیا گیا ہے۔

ہوپ مریخ پر رواں ماہ بھیجے جا رہے تین خلائی مشنز میں سے ایک ہے۔ امریکہ اور چین دونوں کی ہی خلائی گاڑیاں اپنی تیاری کے آخری مراحل میں ہیں۔ ہوپ کی سائنسی ٹیم کی سربراہ ایک خاتون سارہ العامری ہیں جو متحدہ عرب امارات کی وزیرِ سائنسی ترقی بھی ہیں۔

جب یہ سیٹلائٹ مریخ تک پہنچے گی تو امید کی جا رہی ہے کہ اس سے نئے سائنسی حقائق سامنے آئیں گے اور اس سیارے کی فضا کے بارے میں تازہ معلومات حاصل ہو سکیں گی۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ سیٹلائٹ اُن کئی منصوبوں میں سے ایک ہے جن کا مقصد ملکی معیشت کا انحصار تیل اور گیس سے ختم کر کے اسے سائنس و ٹیکنالوجی پر مبنی ایک معیشت بنانا ہے۔

اس سے معلوم ہوسکے گا کہ مریخ کی فضا میں توانائی کیسے منتقل ہوتی ہے، اور یہ پیمائش دن کے تمام اوقات اور سال کے تمام موسموں میں کی جائے گی۔

اس کے علاوہ یہ مریخ پر موجود اس مٹی کا بھی جائزہ لے گی جو اس سیارے کے درجہ حرارت پر اثرانداز ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ یہ فضا کے بالکل اوپر موجود ہائیڈروجن اور آکسیجن کے ایٹموں کا بھی جائزہ لے گی۔ سائنسدانوں کو شبہ ہے کہ یہ ایٹم مریخ کی فضا کے بتدریج خاتمے میں کردار ادا کرتے ہیں۔

اس سب سے یہ معلوم ہو پائے گا کہ مریخ پر اب پانی کیوں موجود نہیں جو کہ ماضی میں واضح طور پر موجود تھا۔

یہ مشاہدات کرنے کے لیے ہوپ مشن سیارے سے 22 ہزار سے 44 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر پرواز کرے گا۔


متعلقہ خبریں